گھر پر مریض کی دیکھ بھال کے دوران انفیکشن پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ گھر میں انفیکشن پھیلنے کی وجوہات اتنی پیچیدہ ہو سکتی ہیں کہ بظاہر نظر بھی نہیں آتیں۔ طبی لحاظ سے زیادہ تر جراثیم باہر کے ماحول سے جسم میں داخل ہوتے ہیں، جبکہ بعض اوقات کمزور قوتِ مدافعت کی وجہ سے جسم کے اپنے اندر موجود جراثیم بھی انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔ لہٰذا انفیکشن سے بچاؤ کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ گھر کو جراثیموں سے پاک رکھا جائے اور ان تمام بنیادی عوامل کو سمجھا جائے جو ماحول، حفاظتی سامان کی عدم دستیابی اور تیماردار کی معلومات سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس مضمون میں ہم انہی عوامل کے بارے میں بات کریں گے۔
ایک ضروری وضاحت: ہم جانتے ہیں کہ بطور تیماردار آپ دن رات مریض کی دیکھ بھال میں اپنا تن من دھن لگا دیتے ہیں۔ اس مضمون کا مقصد آپ کی محنت پر سوال اٹھانا نہیں، بلکہ ان چھپے ہوئے خطرات کی نشاندہی کرنا ہے جو گھر میں انفیکشن پھیلانے کا باعث بنتے ہیں، تاکہ آپ انہیں سمجھ کر اپنے پیاروں کو مزید محفوظ رکھ سکیں۔
1. انفیکشن اور گھر کا ماحول
بکھرا ہوا اور گندا گھر: جراثیم کی خفیہ پناہ گاہ
گھر میں انفیکشن پھیلنے کی ایک بڑی وجہ سامان اور چیزوں کا ہر جگہ بکھرا ہونا (Clutter) ہے۔ مریض کے کمرے کو جتنا سادہ اور چیزوں کو جتنی ترتیب سے رکھیں گے، صفائی اتنی ہی آسان ہوگی۔ جب گھر میں ضرورت سے زیادہ سامان بکھرا ہو تو یہ درج ذیل خطرات کا باعث بنتا ہے:
- ہوا کی بندش: بکھرا ہوا سامان کمروں میں تازہ ہوا کی آمدورفت (Ventilation) کو روکتا ہے۔
- مٹی اور جراثیم کی تہیں: سامان کے نیچے گرد و غبار کی ایسی تہیں جم جاتی ہیں جن کی روزمرہ صفائی ممکن نہیں رہتی۔ طبی زبان میں جراثیم کی ان پکی تہوں کو بایوفلم (Biofilm) کہتے ہیں، جہاں بیکٹیریا طویل عرصے تک زندہ رہتے ہیں۔
- الرجی اور سانس کے مسائل: یہ چھپی ہوئی مٹی وقت کے ساتھ ساتھ مریض اور تیماردار دونوں میں سانس کی بیماریاں اور الرجی بڑھاتی ہے۔
- فنگس کی افزائش: فرش، کچن کی سلیب یا اندھیرے کونوں میں گندگی کا جمنا بیکٹیریا اور فنگس (Phungus) کے پھلنے پھولنے کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔
گھر کو صاف اور جراثیم سے پاک کیسے رکھا جائے؟ اس سلسلے میں آپ ہماری گائیڈ گھر کی صفائی اور جراثیم کشی مطالعہ کر سکتے ہیں۔
گھر میں اندھیرا اور نامناسب روشنی: جراثیم کا سازگار ماحول
سورج کی قدرتی روشنی محض اندھیرا دور کرنے کے لیے نہیں، بلکہ یہ جراثیموں کے خلاف ایک قدرتی ہتھیار ہے۔ جن گھروں یا کمروں میں روشنی کا مناسب انتظام نہیں ہوتا، وہاں درج ذیل مسائل جنم لیتے ہیں:
- قدرتی جراثیم کش اثر کا خاتمہ: سورج کی دھوپ میں موجود الٹراوائلٹ (UV) شعاعیں قدرتی طور پر جراثیم کش (Natural Disinfectant) ہوتی ہیں جو بیکٹیریا اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکتی ہیں. دھوپ کی کمی سے یہ جراثیم طاقتور ہو جاتے ہیں۔
- نمی اور پھپھوندی (Mold): جن کمروں میں اندھیرا رہتا ہے، وہاں نمی (Humidity) برقرار رہتی ہے۔ یہ نمی پھپھوندی، فنگس اور خطرناک وائرسز کو طویل عرصے تک زندہ رہنے اور پھیلنے کا موقع دیتی ہے۔
- ہوا کی بندش کا خطرہ: جس گھر میں نمی زیادہ ہو اور تازہ ہوا کا گزر نہ ہو، وہاں ہوا میں موجود جراثیم ایک ہی جگہ ٹھہر جاتے ہیں، جس سے انفیکشن پھیلنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔
💡 تیماردار کے لیے سنہری مشورہ: دائمی یا کمزور قوتِ مدافعت والے مریضوں کو ہمیشہ گھر کے ایسے کمرے میں رکھیں جہاں قدرتی روشنی (دھوپ) اور تازہ ہوا کا مستقل اور مناسب انتظام ہو۔ دن کے وقت کمرے کے پردے کچھ دیر کے لیے لازمی ہٹائیں۔
پالتو جانور اور پرندے: الرجی اور جراثیم کا غیر محسوس ذریعہ
اگرچہ پالتو جانور اور پرندے گھر میں رونق اور سکون کا باعث بنتے ہیں، لیکن ایک تیماردار کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ یہ گھر میں انفیکشن کے پھیلاؤ کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ ان سے جڑے خطرات درج ذیل ہیں:
- فضائی الرجی اور دمہ: جانوروں کے جھڑنے والے بال، باریک پر اور ان کی جلد کے مردہ خلیات (Dander) ہوا میں شامل ہو کر شدید فضائی الرجی اور دمہ (Asthma) کا سبب بنتے ہیں۔
- پالتو جانوروں کا فضلہ: پرندوں اور جانوروں کے فضلے میں خطرناک بیکٹیریا اور فنگس ہوتے ہیں جو ہوا کے ذریعے سانس کی نالی یا جلد کی مختلف بیماریوں کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
- خفیہ جراثیم (Zoonotic Infections): جانوروں کے جسم پر موجود بعض جراثیم عام انسان کو بیمار نہیں کرتے، لیکن مریض کے زخموں یا کمزور مدافعت پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔
🚨 تیماردار کے لیے اہم ترین مشورہ: خاص طور پر ایسے مریض جن کی قوتِ مدافعت بہت کمزور ہو، ان کے کمرے میں پالتو جانور یا پرندوں کا پنجرہ ہرگز نہ رکھیں۔ تیماردار جب بھی جانوروں کو چھوئیں، تو مریض کے پاس جانے سے پہلے اپنے ہاتھ صابن سے اچھی طرح لازمی دھوئیں۔
مریض کی ناقص ذاتی صفائی
مریض کی جسمانی صفائی کو نظر انداز کرنے سے جلد، زخموں اور سانس کے سنگین انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس سے کمزور مریض جراثیموں کا آسان ہدف بن جاتے ہیں۔ تیماردار کے لیے ناخن کاٹنے، جلد کی صفائی اور گندے کپڑے تبدیل کرنے جیسے بنیادی امور پر توجہ دینا ضروری ہے۔ مزید معلومات کے لیے آپ ہماری گائیڈ گھر پر انفیکشن کنٹرول: ہاتھ دھونے اور صفائی کے بنیادی اصول کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔
کھانے پینے کی چیزوں کی ناقص حفاظت: کچن سے پھیلنے والے جراثیم
گھر میں انفیکشن کھانے پینے کی چیزوں سے بھی پھیل سکتی ہے۔ اگر کھانے پینے کی چیزوں کو ڈھانپ کر نہ رکھا جائے تو مکھیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کے ذریعے جراثیم ان میں سرایت کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھانا پکاتے وقت صفائی کا خیال نہ رکھنا، کھانے کا اچھی طرح پکا ہوا نہ ہونا، سبزیوں اور پھلوں کو اچھی طرح نہ دھونا، کھانے پینے کی چیزوں کا باسی ہو جانا وہ عوامل ہیں جو جراثیموں کی افزائش کا باعث بنتے ہیں۔
💡 اہم طبی نکتہ: ناقص اور جراثیم زدہ غذا مریض یا بزرگ افراد کے اندر قوتِ مدافعت (Immunity) کو مزید کمزور کر دیتی ہے، جس سے وہ دیگر انفیکشنز کا بھی جلد شکار ہو جاتے ہیں۔ تیمارداروں کو چاہیے کہ مریض کو ہمیشہ تازہ، اچھی طرح پکا ہوا اور ڈھانپا ہوا کھانا ہی پیش کریں۔
وبائی امراض کا پھیلاؤ: بیرونی جراثیم اور گھر کا ماحول
جب علاقے، شہر یا ملک میں کوئی وبائی مرض (Epidemic/Pandemic) پھیلا ہوا ہو تو گھر کے اندرونی ماحول کا احتیاطی انتظام اور تیماردار کی ذمہ داری کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں درج ذیل باتوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے:
- بیرونی آلودگی کا داخلہ: وبائی دنوں میں باہر سے آنے والی معمولی سی غفلت، آلودہ ہاتھ، یا کپڑے اور جوتے بھی پورے گھر میں وائرس یا انفیکشن پھیلا سکتے ہیں۔
- مریض کی حفاظت: چونکہ گھر میں موجود بزرگ یا بیمار افراد کی قوتِ مدافعت پہلے ہی کمزور ہوتی ہے، اس لیے بیرونی جراثیم ان پر سب سے پہلے اور شدید حملہ کرتے ہیں۔
🚨 تیماردار کے لیے ہنگامی تدبیر: وبائی امراض کے دنوں میں گھر کے اندر بیرونی افراد کی آمدورفت کو محدود کریں۔ باہر سے آنے والا کوئی بھی فرد یا خود تیماردار، مریض کے کمرے میں داخل ہونے سے پہلے اپنے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں۔
ٹھہرا ہوا پانی: ڈینگی اور ملیریا کے جراثیم کی افزائش
گھر کے باہر یا اندر باتھ روم، کچن، لان یا گملوں میں کھڑا پانی مچھروں اور خطرناک بیکٹیریا کی افزائش کا سبب بنتا ہے، جو ڈینگی، ملیریا اور پیٹ کے انفیکشنز کو دعوت دیتا ہے۔
سرکش اولاد اور ناواقف افراد کا رویہ
جب گھر کے افراد یا بچے صفائی کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہیں یا مریض کے کمرے میں بار بار بغیر ہاتھ دھوئے آمدورفت رکھتے ہیں، تو وہ گھر میں وائرس اور بیکٹیریا کی منتقلی کا سب سے بڑا ذریعہ بن جاتے ہیں۔
2. مناسب سامان کی عدم دستیابی
حفاظتی لباس کی عدم دستیابی: جراثیم کا پھیلاؤ
گھر میں انفیکشن پھیلنے کی ایک اور بڑی وجہ تیماردار کے پاس مناسب حفاظتی لباس یا سامان کا نہ ہونا ہے۔ جب ایک تیماردار بغیر کسی حفاظتی رکاوٹ کے مریض کی دیکھ بھال کرتا ہے، تو درج ذیل مسائل پیدا ہوتے ہیں:
- کپڑوں کے ذریعے جراثیم کی منتقلی: مناسب میڈیکل گاؤن، ایپرن (Apron) یا حفاظتی لباس کے بغیر مریض کے فضلے، زخموں یا تھوک کی صفائی کرنے سے تیماردار کے اپنے کپڑے آلودہ ہو جاتے ہیں۔
- پورے گھر میں جراثیم کا پھیلنا: یہی آلودہ کپڑے پہن کر جب تیماردار کچن میں جاتا ہے یا گھر کے دوسرے افراد سے ملتا ہے، تو مریض کے جراثیم غیر محسوس طریقے سے پورے گھر میں منتقل ہو جاتے ہیں۔
حفاظتی دستانوں کی عدم دستیابی
مریض کے زخموں، ڈائپر، یا جسمانی رطوبتوں کی صفائی کے دوران دستانوں کا استعمال نہ کرنا تیماردار کے ہاتھوں پر براہِ راست خطرناک جراثیم منتقل کر دیتا ہے۔ یہ عمل نہ صرف مریض کے لیے خطرے کا باعث بنتا ہے بلکہ خود تیماردار کی صحت کے لیے نقصان دہ اور گھر کے دیگر افراد تک انفیکشن پھیلانے کی وجہ بن سکتا ہے۔
فیس ماسک کا نہ ہونا
سانس کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں، کھانسی یا نزلہ کے دوران گھر میں فیس ماسک کا استعمال نہ کرنا مریض اور تیماردار دونوں کے لیے ایک دوسرے سے انفیکشن منتقل کرنے کا باعث بنتا ہے۔
💡 تیماردار کے لیے عملی مشورہ: بڑی اور حساس سرجری کے بعد مریض کو انفیکشن سے بچانا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ مریض کے زخموں کی صفائی یا نہلانے دھلانے کے وقت ایک مخصوص نایلان کا ایپریل یا الگ کپڑے استعمال کریں جنہیں مریض کے کمرے سے باہر نکلنے سے پہلے تبدیل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ڈسپوزیبل دستانوں اور ماسک کا استعمال لازمی یقینی بنائیں۔
ہاتھوں کی صفائی کا نامناسب انتظام
ہسپتالوں اور گھروں میں انفیکشن پھیلنے کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ ہاتھوں کی صفائی میں غفلت ہے۔ اگر گھر میں مریض کی دیکھ بھال کے دوران درج ذیل دو چیزوں کی کمی ہو، تو جراثیموں کا راستہ روکنا ناممکن ہو جاتا ہے:
- ہاتھ دھونے کے انتظام کی کمی: اگر مریض کے کمرے کے قریب واش بیسن، صاف پانی یا صابن موجود نہ ہو، تو تیماردار کے لیے بار بار اٹھ کر دور جانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس سے صفائی کا تسلسل ٹوٹ جاتا ہے اور تیماردار نادانستہ طور پر اپنے آلودہ ہاتھوں سے پورے گھر میں انفیکشن پھیلانے کا سبب بن جاتا ہے۔
- ہینڈ سینیٹائزر (Hand Sanitizer) کا نہ ہونا: ایمرجنسی یا جلدی کے کاموں کے دوران جب پانی اور صابن تک فوراً رسائی ممکن نہ ہو، تو ہینڈ سینیٹائزر کی عدم دستیابی سب سے بڑا خطرہ بنتی ہے۔ اس کی وجہ سے تیماردار بغیر ہاتھ صاف کیے مریض، اس کی ادویات یا کھانے پینے کے سامان کو چھو لیتا ہے، جس سے جراثیم فوراً منتقل ہو جاتے ہیں۔
🚨 تیماردار کے لیے سنہری مشورہ: مریض کے بیڈ کے پاس الکوحل پر مبنی (Alcohol-based) ہینڈ سینیٹائزر کی ایک بوتل مستقل رکھیں، تاکہ پانی دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی ہاتھوں کو فوراً جراثیم سے پاک کیا جا سکے۔
الکوحل سویبز (Alcohol Swabs) کا استعمال نہ کرنا
انجکشن لگانے، شوگر ٹیسٹ کرنے یا جلد کی مخصوص صفائی کے لیے الکوحل سویبز کا استعمال نہ کرنا جراثیم کو جلد کے مساموں کے ذریعے اندر منتقل ہونے کا موقع دیتا ہے۔
ناقص جراثیم کش کیمیکلز اور کپڑوں کا استعمال
گھر میں انفیکشن پھیلنے کی ایک پوشیدہ وجہ ظاہری صفائی کو ہی مکمل صفائی سمجھ لینا ہے۔ CDC کےمطابق ظاہری صفائی کے بعد درست جراثیم کش کا استعمال ضروری ہے۔ اگر سطحوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے درست سامان نہ ہو تو درج ذیل مسائل پیدا ہوتے ہیں:
- صرف ظاہری صفائی: عام کپڑے یا صرف پانی کا استعمال فرنیچر اور فرش سے مٹی تو ہٹا دیتا ہے، لیکن وہاں موجود خطرناک جراثیموں (بیکٹیریا اور وائرس) کو ختم نہیں کرتا۔
- مناسب جراثیم کش (Disinfectants) کی کمی: گلیلو سطحوں، برتنوں اور مریض کے زیرِ استعمال چیزوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے مستند جراثیم کش محلول (جیسے بلیچ یا الکوحل والے کلینرز) کا استعمال نہ کرنا جراثیموں کو وہیں برقرار رکھتا ہے۔
🛑 گھر میں مریض کی دیکھ بھال کے دوران غیر محسوس انداز میں ہونے والی ان غلطیوں اور انفیکشن کے پوشیدہ خطرات سے بچنے کے لیے، آپ ہماری اس تفصیلی گائیڈ صفائی اور جراثیم کشی کے دوران کی جانے والی عام غلطیاں کا مطالعہ کر سکتے ہیں تاکہ اپنے پیاروں کو مکمل تحفظ فراہم کر سکیں۔
ڈسٹ بن کا مناسب استعمال نہ کرنا
استعمال شدہ ڈائپرز، کاٹن یا پٹیوں کو کھلے کوڑے دان میں ڈالنا یا ڈسٹ بن کا ڈھکن نہ ہونا جراثیم کو ہوا اور مکھیوں کے ذریعے پورے گھر میں پھیلا دیتا ہے۔
مناسب مالی وسائل کی کمی (Financial Constraints)
گھر میں انفیکشن کے پھیلنے اور حفظانِ صحت کے معیار کو برقرار نہ رکھ پانے کی ایک بہت بڑی اور بنیادی وجہ مناسب مالی وسائل کا نہ ہونا ہے۔ جب بجٹ محدود ہو تو خاندان کے لیے معیاری جراثیم کش کیمیکلز، سینیٹائزرز اور اینٹی سیپٹک صابن کا باقاعدہ خریدنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی مالی تنگی کی وجہ سے تیماردار اکثر ڈسپوزایبل چیزوں مثلاً حفاظتی دستانوں (Gloves)، فیس ماسکس اور ڈائپرزکو بار بار استعمال کرنے یا بروقت نہ بدلنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جو جراثیم کی افزائش اور شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔
3. تیماردار پر منحصر عوامل
علاقائی رسم و رواج
بسا اوقات گھریلو روایات اور غیر سائنسی مفروضے صفائی کے طبی اصولوں کے آڑے آ جاتے ہیں؛ جیسے مریض کو ہوا نہ لگنے دینے کے وہم میں تمام کھڑکیاں مستقل بند رکھنا یا جراثیم کش ادویات کے بجائے غیر مستند ٹوٹکوں پر تکیہ کرنا۔
تیماردار کی تعلیم
تیماردار کا بنیادی طور پر تعلیم یافتہ ہونا اس لیے ضروری ہے تاکہ وہ ادویات کا صحیح استعمال اور ہدایات، جراثیم کش کیمیکلز کا صحیح تناسب اور احتیاطی تدابیر کی تحریری رہنمائی کو آسانی سے سمجھ سکے۔
تیماردار کو گھر کا خیال رکھنے کا مناسب علم نہ ہونا
بعض اوقات تیماردارکو گھر کے ماحول سے آگاہی یا اس کو صاف رکھنے کے نظام کا علم نہیں ہوتا۔ ایسے میں گھر میں انفیکشن کے پھیلنے کے امکانات کافی زیادہ ہوجاتے ہیں۔ یا اگر تیماردار کی معلومات محدود ہوں اور اسے صرف دھول جھاڑنے (Dusting) اور "جراثیم کشی” (Disinfection) میں فرق معلوم نہ ہو، تو وہ ظاہری صفائی تو رکھے گا لیکن جراثیم ختم نہیں ہوں گے۔
انفیکشن سے متعلق ناقص معلومات
انفیکشن کے پھیلنے کے ذرائع سے ناواقفیت کی وجہ سے تیماردار یہ نہیں سمجھ پاتا کہ بیماریاں کس طرح ایک سطح یا شخص سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہیں، جس کے نتیجے میں وہ احتیاطی تدابیر کو غیر ضروری سمجھ کر نظر انداز کر دیتا ہے۔
گھر میں جراثیم سے پھیلنے والی عام بیماریاں
گھر کے ماحول میں پھیلے جراثیم کے نتیجے میں متعدد انفیکشن سے پھیلنے والی بیماریاں (Infectious Diseases) جنم لے سکتی ہیں، جن میں سے چند درج ذیل ہیں:
- گلے کی خرابی (Sore Throat): وائرل یا بیکٹیریل انفیکشن کی وجہ سے گلے میں سوزش، درد اور نگلنے میں دشواری ہوتی ہے۔
- آنکھوں کی بیماری (Pink Eye / Conjunctivitis): آلودہ ہاتھوں، تولیے یا جراثیم سے آنکھوں کی جھلی کی سوزش اور سرخ ہونا۔
- پیشاب کی نالی کی انفیکشن (UTI): ناقص ذاتی صفائی، ڈائپر کے نامناسب استعمال اور پانی کی کمی کی وجہ سے ہونے والا عام مگر شدید دردناک انفیکشن۔
- جلد کے انفیکشن (Skin & Wound Infections): بیڈ سورز (Bedsores) یا خراشوں پر بیکٹیریا کے حملے سے بننے والے زخم۔
- آنتوں اور پیٹ کا انفیکشن (Gastroenteritis): آلودہ برتنوں، اسفنج یا ہاتھوں کے ذریعے پیٹ میں جانے والے جراثیم سے الٹی اور اسہال۔
تیمارداروں کے لیے اہم مشورہ
یاد رکھیں: گھر پر مریض کو انفیکشن سے بچانا کسی ایک وقتی عمل کا نام نہیں، بلکہ یہ گھر کے ماحول کی درست ترتیب، مناسب حفاظتی سامان کے استعمال اور صحیح طبی معلومات کے امتزاج سے ہی ممکن ہوتا ہے۔
اپنے گھر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے ان بنیادی اصولوں کو اپنی مستقل عادت بنائیں، تاکہ آپ اپنے پیاروں کو پوشیدہ جراثیموں سے محفوظ رکھ سکیں اور ان کی صحت یابی کے سفر کو آسان بنا سکیں۔
یہ بھی پڑھیے
سرجری کے بعد خطرے کی علامات: کیئر گیور کیسے پہچانے کہ زخم اب گھر پر سنبھالنے والا نہیں رہا اور ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے؟
آپریشن کے ٹانکے اور زخم: پٹی (Dressing) بدلنے کا صحیح اور جراثیم سے پاک طریقہ۔
روزمرہ دیکھ بھال: گھر پر انفیکشن کنٹرول: ہاتھ دھونے اور صفائی کے بنیادی اصول
تیماردار کی صحت: تیماردار کی تھکن (کیئر گیور برن آؤٹ)
ضروری طبی انتباہ: یہ مضمون کیئر بائنڈر کے معیاری نگہداشت پروٹوکولز، مصدقہ طبی ذرائع اور کلینیکل مشاہدات کی روشنی میں محض تعلیمی آگاہی اور گھریلو نگہداشت میں رہنمائی کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ یہ معلومات کسی معالج کے باقاعدہ طبی مشورے، تشخیص یا علاج کا نعم البدل نہیں۔ گھر میں کسی بھی مریض کی دیکھ بھال، دوائیوں کی مقدار میں تبدیلی، یا بار بار انفیکشن ہونے کی صورت میں ہمیشہ اپنے مستند ڈاکٹر یا متعلقہ طبی ماہر سے فوری رجوع کریں۔



