گھر پر کسی مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگرچہ ہسپتالوں میں انفیکشن سے بچاؤ کے سخت قواعد ہوتے ہیں، لیکن گھر پر دیکھ بھال کرنے والوں (caregivers) کو بھی صفائی اور جراثیم کشی کا اپنا ایک مؤثر نظام بنانا چاہیے۔
عام استعمال کی جگہوں اور چیزوں جیسے کہ بیڈ کی ریلنگ، دروازوں کے ہینڈل، موبائل فون یا ٹی وی ریموٹ پر جراثیم کئی گھنٹوں بلکہ دنوں تک زندہ رہ سکتے ہیں۔ یہ آلودہ سطحیں انفیکشن کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں، خاص طور پر جب مریض سرجری سے صحت یاب ہو رہا ہو یا اس کی قوتِ مدافعت کمزور ہو۔ باقاعدگی سے جراثیم کشی مریض کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے۔ صرف زیادہ چھوئی جانے والی جگہوں پر توجہ دے کر اور ایک سادہ سی روٹین اپنا کر، آپ گھر کے ماحول کو نمایاں طور پر محفوظ بنا سکتے ہیں۔
اس گائیڈ میں ہم دیکھیں گے کہ گھر پر سطحوں کو مؤثر طریقے سے کیسے جراثیم سے پاک کیا جائے، کون سے محلول بہترین کام کرتے ہیں، اور ایک ایسی روٹین کیسے بنائی جائے جو مریض اور دیکھ بھال کرنے والے دونوں کے لیے فائدہ مند ہو۔ ہم "صفائی” اور "جراثیم کشی” کے درمیان اہم فرق کو بھی واضح کریں گے۔
1. گھر پر صفائی اور جراثیم کشی کیوں ضروری ہے؟
ہسپتال میں مریض کا رابطہ عام طور پر صرف عملے سے ہوتا ہے اور وہاں صفائی کا پیشہ ورانہ انتظام چوبیس گھنٹے رہتا ہے۔ گھر کا ماحول مختلف ہوتا ہے؛ یہاں خاندان کے افراد چیزیں بانٹتے ہیں اور ایک ہی جگہوں کو بار بار چھوتے ہیں، جس سے جراثیم کا پھیلاؤ آسان ہو جاتا ہے۔
درج ذیل افراد کے لیے یہ جراثیم زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں:
- وہ مریض جو سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہوں۔
- بوڑھے افراد۔
- کمزور قوتِ مدافعت والے مریض۔
- طویل مدتی گھریلو دیکھ بھال والے افراد۔
- دیرینہ (Chronic) امراض میں مبتلا مریض۔
اگر دیکھ بھال کرنے والا یا مریض کسی آلودہ جگہ کو چھونے کے بعد اپنے چہرے، زخم یا طبی آلات کو چھوتا ہے، تو جراثیم جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے مستقل صفائی انفیکشن کی زنجیر کو توڑنے میں مدد دیتی ہے۔
2. زیادہ چھوئی جانے والی جگہوں (High-Touch Surfaces) کی شناخت
وہ جگہیں جنہیں دن میں کئی بار چھوا جاتا ہے "زیادہ چھوئی جانے والی سطحیں” کہلاتی ہیں۔ ان سطحوں میں جراثیم تیزی سے جمع ہوتے ہیں۔ ان جگہوں پر خصوصی توجہ دیں:
مریض کے کمرے میں:
- وہیل چیئر کے ہینڈل اور واکر۔
- بیڈ کی ریلنگ اور بیڈ کے ساتھ والی میز۔
- مریض کا فون یا کال بیل۔

باتھ روم میں:
نمی اور مسلسل استعمال باتھ روم کو جراثیموں کی افزائش کے لیے بہترین جگہ بنا دیتے ہیں لہٰذا درج ذیل جگہوں پر خصوصی توجہ دیں:
- نل کے ہینڈل اور سنک کے کنارے۔
- فلش کا ہینڈل۔
- سہارے کے لیے لگی ریلنگ (Grab bars)۔
مشترکہ جگہوں میں:
مشترکہ استعمال کی تمام چیزوں کی صفائی لازمی طور پر آپ کی روٹین کا حصہ ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر:
- دروازوں کے ہینڈل اور بجلی کے سوئچ۔
- ٹی وی ریموٹ اور موبائل فون۔
- فرج کا ہینڈل۔
3. صفائی (Cleaning) اور جراثیم کشی (Disinfection) میں فرق
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ اگر کوئی چیز دیکھنے میں صاف ہے تو وہ جراثیم سے بھی پاک ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ اگرچہ ان دونوں کا آپس میں تعلق ہے لیکن درحقیقت یہ دو مختلف مراحل ہیں۔
- صفائی: صابن اور پانی کی مدد سے مٹی اور گندگی کو جسمانی طور پر ہٹانا۔
- جراثیم کشی: خاص کیمیکلز کا استعمال تاکہ سطح پر موجود وائرس اور بیکٹیریا کو ختم کیا جا سکے۔

اگر آپ صفائی کے مرحلے کو نظرانداز کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ جراثیم کش محلول یا کیمیکل گندگی میں چھپے جراثیموں تک نہ پہنچ سکے۔ لہٰذا پہلے صفائی کریں تاکہ گندگی کی تہہ ہٹ جائے اور جراثیم کش محلول (Disinfectant) براہِ راست جراثیم تک پہنچ سکے۔ کیونکہ ہمارا مقصد ایسی جگہ فراہم کرنا ہے جو دیکھنے میں بھی صاف ہو اور حیاتیاتی طور پر بھی محفوظ۔ ہو۔
انفیکشن کنٹرول کے بارے مزید راہنمائی کے لیے ہماری گائیڈ "صفائی اور انفیکشن کنٹرول” کا مطالعہ ضرور فرمائیں۔
4. سطحوں کو صاف کرنے کا درست طریقہ
ہر چیز کے لیے ایک ہی طریقہ کار درست نہیں ہوتا۔ بہترین نتائج کے لیے سطح کی قسم اور ساخت کے مطابق ایک منظم طریقہ کار اختیار کریں۔
- سخت سطحیں (فرش، ٹرے وغیرہ): صابن اور پانی سے صاف کریں۔
- نرم سطحیں (کپڑے، قالین): ان کے لیے مخصوص پراڈکٹس استعمال کریں۔ قالینوں کو باقاعدگی سے ویکیوم کریں۔
- الیکٹرانکس: موبائل یا ریموٹ کے لیے 70% الکحل والے وائپس (Wipes) استعمال کریں تاکہ وہ خراب نہ ہوں۔
باقاعدہ روٹین بنانا:
انفیکشن کنٹرول کے لیے مستقل مزاجی شرط ہے۔ ہائی ٹچ ایریاز کی صفائی کو اپنے روزمرہ کے شیڈول کا حصہ بنائیں۔ سی ڈی سی (CDC) کے مطابق ایک واضح ٹائم ٹیبل اس کام کو آسان بنا دیتا ہے۔ اگر کام کا بوجھ زیادہ ہو جائے تو خاندان کے کسی دوسرے فرد سے مدد لینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔
اضافی صفائی کب ضروری ہے؟
- زخم کی پٹی بدلنے کے بعد۔
- مریض کو باتھ روم میں مدد دینے کے بعد۔
- طبی آلات یا جسمانی رطوبتوں (جیسے خون یا تھوک وغیرہ) کو ہاتھ لگانے کے بعد۔
ہفتہ وار گہری صفائی (Deep Cleaning):
ہفتے میں ایک بار گہری صفائی کی عادت بنائیں۔ اس مقصد کے لیے اگر کسی معاون کی ضرورت ہو تو بلاجھجک کسی کو تعاون کا کہیں۔ ایسی تمام جگہیں جو نسبتاً کم استعمال ہوتی ہیں ان پر بھی گرودغبار یا گندگی کی تہہ جم جاتی ہے اور ان میں جراثیم پرورش پا سکتے ہیں۔
- تمام میزوں اور کچن کی شلف (ٹاپ) کی اچھے سے صفائی کریں۔.
- فریج کے ہینڈل، کپڑے کی الماریوں اور کچن کی الماریوں کے ہینڈلز کی صفائی کریں۔ اگر ان کے دروازوں پر کوئی گندگی ہے تو اسے گیلے کپڑے سے صاف کرنے کے بعد دوسرے کپڑے سے خشک کریں.
- کمرے میں موجود فرنیچر کے پیچھے سے گردوغبار اور کچرا صاف کریں۔
وہ حالات جن میں زیادہ احتیاط اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے
کچھ مواقع ایسے ہوتے ہیں جہاں آپ کو صفائی اور جراثیم کشی کے معمولات کو عام دنوں کی نسبت مزید بڑھا دینا چاہیے، جیسے کہ:
- جب مریض کا مدافعتی نظام (Immune System) بہت زیادہ کمزور ہو۔
- اگر گھر کا کوئی دوسرا فرد بھی بیمار پڑ جائے۔
- جب مریض حال ہی میں ہسپتال یا کلینک سے گھر منتقل ہوا ہو۔
- اگر مریض سے ملنے کے لیے باہر سے مہمانوں کی آمد و رفت ہوئی ہو۔
- جب چھوت کی بیماریوں یا موسمی نزلہ زکام (Flu Season) کا زور ہو۔
تیار شدہ چیک لسٹ کا استعمال کریں:
اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے منظم کرنے کے لیے آپ ہمارے ‘ڈاؤن لوڈ‘ پیج سے صفائی اور جراثیم کشی کی تیار شدہ چیک لسٹ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ ٹولز آپ کو روزمرہ کے کاموں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی اہم قدم کو بھولنے سے بچنے میں مدد فراہم کریں گے۔
5. مؤثر طریقے سے جراثیم کشی کیسے کریں؟
نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے مطابق چونکہ ہسپتال کے معیار کے جراثیم کش گھروں میں دستیاب نہیں ہوتے، ایسے میں گھر میں موجود عام چیزیں جیسے بلیچ یا الکحل بہترین نتائج دے سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کو درست طریقہ سے استعمال کیا جائے:
الکحل محلول (70% Alcohol): یہ فون، ریموٹ اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کے لیے بہترین ہے کیونکہ یہ نازک پرزوں کو نقصان پہنچائے بغیر جراثیم ختم کرتا ہے۔
بلیچ کا محلول: پانی میں مناسب مقدار میں ملا ہوا گھریلو بلیچ سخت سطحوں کے لیے نہایت مؤثر ہے۔ ماہرین (CDC) کے مطابق، اگر بلیچ کو درست طریقے سے پانی میں ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ گھر کے تقریباً تمام عام جراثیم کا خاتمہ کر دیتا ہے۔
جراثیم کش وائپس (Disinfectant Wipes): یہ دروازوں کے ہینڈلز اور بجلی کے سوئچز جیسی جگہوں کی فوری صفائی کے لیے انتہائی آسان اور مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
جراثیم کش اسپرے (Disinfectant Sprays): یہ اسپرے ان بڑی اور کشادہ جگہوں کے لیے بہت مفید ہیں جن کا استعمال گھر میں سب سے زیادہ کیا جاتا ہے۔
ضروری نوٹ: ہمیشہ ایسے جراثیم کش محلول استعمال کریں جو معیار پر پورے اترتے ہوں (جیسے کہ EPA سے منظور شدہ پراڈکٹس)۔ اس کے علاوہ، پروڈکٹ کے لیبل پر درج "کانٹیکٹ ٹائم” (Contact Time) کو غور سے پڑھیں؛ یہ وہ مخصوص وقت ہوتا ہے جتنی دیر تک کسی بھی جگہ کا جراثیم کش محلول سے گیلا رہنا ضروری ہے تاکہ جراثیم کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔
جراثیم کشی کا مرحلہ وار طریقہ:
1. جگہ تیار کریں:
فالتو چیزیں جیسے ٹشو بکس، کپ وغیرہ ہٹا دیں تاکہ سطح واضح ہو جائے۔
2۔ دستانے پہنیں:
دستانے پہنیں۔ یہ آپ کی جلد کو کیمیکلز اور جراثیم سے بچاتے ہیں۔
3. پہلے صفائی کریں:
صابن والے پانی یا کلینر (All-Purpose Cleaner) سے مٹی، دھول یا گندگی صاف کریں۔
4. محلول لگائیں:
جراثیم کش اسپرے یا وائپ سے سطح کو اچھی طرح گیلا کریں۔
5. انتظار کریں (Contact Time):
یہ سب سے اہم قدم ہے۔ محلول کو جراثیم مارنے کے لیے 1 سے 10 منٹ تک سطح پر گیلا رہنا چاہیے۔ انتظار کا وقت (Contact Time) عموماً محلول کے لیبل پر درج ہوتا ہے لیکن اگر ایسا نہ ہو تو تقریباً دس منٹ کا انتظار مناسب ہے۔
6. خشک ہونے دیں:
سطح کو پونچھنے سے اجتناب کریں۔ اسے خود ہی ہوا سے خشک (Air Dry) ہونے دیں جب تک کہ لیبل پر کچھ اور نہ لکھا ہو۔
7. دستانے اتار دیں اور ہاتھ دھوئیں:
دستانے اتار کر کم از کم 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔
6. عام غلطیاں جن سے بچنا ضروری ہے
دیکھ بھال کے دوران کی جانے والی چھوٹی سی غفلت بھی مریض کی صحت کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔ صفائی کے دوران درج ذیل غلطیوں سے بچنا بہت ضروری ہے:
- محلول کو فوراً پونچھ دینا: زیادہ تر جراثیم کش کیمیکلز کو اپنا اثر دکھانے کے لیے کچھ منٹ درکار ہوتے ہیں (جسے ‘Dwell Time’ کہا جاتا ہے)۔ اگر آپ لگاتے ہی اسے صاف کر دیں گے، تو جراثیم نہیں مریں گے۔
- بغیر صفائی کے جراثیم کشی: اگر سطح پر مٹی یا گندگی جمی ہو، تو جراثیم اس کے نیچے چھپ جاتے ہیں۔ اس لیے پہلے گندگی صاف کریں، پھر جراثیم کش محلول لگائیں۔
- جراثیم کا پھیلاؤ (Cross-contamination): ایک ہی کپڑے کو مختلف جگہوں پر استعمال کرنے سے گریز کریں۔ مثال کے طور پر، جس کپڑے سے باتھ روم صاف کیا ہو، اسی سے کچن یا مریض کے کمرے کی صفائی ہرگز نہ کریں۔
- کیمیکلز کو آپس میں ملانا: کبھی بھی بلیچ کو امونیا یا کسی دوسرے کلینر کے ساتھ ملا کر استعمال نہ کریں۔ واشنگٹن سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے مطابق، ان کا ملاپ انتہائی زہریلی گیسیں پیدا کر سکتا ہے جو آپ کی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
7. دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے حفاظتی ہدایات
آپ کی اپنی حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ مریض کی، کیونکہ آپ تندرست رہیں گے تو ہی بہتر دیکھ بھال کر پائیں گے۔ صفائی کے دوران کیمیکلز کا استعمال کرتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں:
- ہوا کا گزر (Ventilation): کمرے کی کھڑکیاں کھول دیں یا پنکھا چلا دیں تاکہ کیمیکلز سے اٹھنے والا دھواں یا بو سانس کے ذریعے آپ کے اندر نہ جائے اور دم نہ گھٹے۔
- حفاظتی سامان: تیز کیمیکلز کا استعمال کرتے وقت دستانے (Gloves) لازمی پہنیں۔ اگر کیمیکل کے چھینٹے اڑنے کا ڈر ہو، تو آنکھوں کی حفاظت کے لیے چشمہ بھی استعمال کریں۔
- ذاتی صفائی: صفائی کے دوران اپنے چہرے یا آنکھوں کو چھونے سے گریز کریں اور کام ختم کرنے کے بعد ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھوئیں۔
- کام کی رفتار اور آرام: خود کو تھکانے کے بجائے "20/10 کی تکنیک” آزمائیں؛ یعنی 20 منٹ جم کر صفائی کریں اور پھر 10 منٹ کا آرام کریں۔ یہ طریقہ آپ کو اکتاہٹ اور شدید تھکن (Burnout) سے بچائے گا۔
ایک ضروری بات: اگر آپ کو صفائی کے دوران تیز بو محسوس ہو یا آنکھوں اور گلے میں جلن ہونے لگے، تو فوراً کام روک دیں اور تازہ ہوا میں چلے جائیں۔
حرفِ آخر
گھر پر سطحوں کی صفائی اور جراثیم کشی بظاہر ایک سادہ سا عمل لگتا ہے، لیکن یہ مریض کو انفیکشن سے بچانے کا ایک انتہائی طاقتور ذریعہ ہے۔ جب آپ زیادہ چھوئی جانے والی جگہوں پر توجہ دیتے ہیں، درست اشیاء کا انتخاب کرتے ہیں اور ایک مستقل مزاجی سے اپنی روٹین برقرار رکھتے ہیں، تو درحقیقت آپ مریض کی جلد صحت یابی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول نہ صرف دیکھ بھال کرنے والے کو ذہنی سکون بخشتا ہے بلکہ مریض کو بھی شفا پانے کے لیے ایک صحت بخش فضا فراہم کرتا ہے۔
اس عمل کو مزید آسان اور منظم بنانے کے لیے آپ ہمارے ‘ڈاؤن لوڈز‘ والے حصے میں موجود تیار شدہ ٹولز اور چیک لسٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اکثر پوچھے جانے والے سوالات (FAQs)
دن میں کم از کم ایک بار، اور اگر مریض زیادہ خطرے (High-risk) میں ہو یا بیماری کا زور زیادہ ہو، تو اس سے زیادہ بار بھی کیا جا سکتا ہے۔
اگر درست طریقے سے استعمال کیا جائے تو الکحل پر مبنی محلول، پانی میں ملا ہوا (Diluted) بلیچ، اور بازار میں دستیاب تیار شدہ جراثیم کش وائپس بالکل محفوظ ہیں۔
جی ہاں، آپ بنا سکتے ہیں، لیکن ان کے اثر کرنے کی صلاحیت مختلف ہو سکتی ہے۔ گھر میں بلیچ کو پانی میں مناسب طریقے سے ملا کر بنایا گیا محلول عام طور پر قابلِ اعتماد ہوتا ہے۔
صفائی مٹی اور گندگی کو ہٹاتی ہے، جبکہ جراثیم کشی (Disinfection) بیماری پھیلانے والے جراثیم کو ختم کرتی ہے۔ مریض کی بہترین دیکھ بھال کے لیے یہ دونوں اقدامات لازم و ملزوم ہیں۔
زیادہ تر مصنوعات کو اثر دکھانے کے لیے 1 سے 10 منٹ تک سطح پر گیلا رہنا ضروری ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ہمیشہ پروڈکٹ کے لیبل پر دی گئی ہدایات ضرور چیک کریں۔
ضروری وضاحت (Disclaimer): اس گائیڈ میں فراہم کردہ معلومات صرف تعلیمی اور آگاہی کے مقاصد کے لیے ہیں۔ کسی بھی طبی کیفیت یا بیماری کے سلسلے میں ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا کسی مستند ماہرِ صحت سے مشورہ ضرور کریں۔


Pingback: Infection Control for Home Caregivers: A Complete Practical Guide - carebinder.org