تیمارداری کے سفر میں آپ کا ہم قدم

کھانسی اور چھینک کے آداب


تجدید شدہ:

|


نزلہ، زکام، فلو، اور پھیپھڑوں کے انفیکشن زیادہ تر کھانسنے اور چھینکنے سے ہوا میں خارج ہونے والے باریک قطروں (Droplets & Aerosols) کے ذریعے پھیلتے ہیں۔ ایک سائنسی تحقیق کے مطابق ایک ہی چھینک سے ہزاروں جراثیم کئی فٹ (7سے 8 میٹر) دور تک پھیل کر گھنٹوں ہوا میں اور سطحوں پر موجود رہ سکتے ہیں۔ بطور تیماردار، نہ صرف آپ کو بلکہ گھر کے تمام افراد کو کھانسی اور چھینک کے آداب (Respiratory Hygiene & Cough Etiquette) سے واقف ہونا چاہیے تاکہ مریض کو نئے انفیکشنز سے بچایا جا سکے۔ اس گائیڈ میں ہم کھانسنے اور چھینکنے کی صورت میں حفاظتی تدابیر، ٹشوز کے محفوظ استعمال، اور گھر کی فضا کو جراثیم سے پاک رکھنے کے عملی اصول بیان کریں گے۔

جراثیم ہوا میں کیسے پھیلتے ہیں؟


جب کوئی شخص بغیر احتیاط کے کھانستا یا چھینکتا ہے تو دو طریقوں سے جراثیم پھیلتے ہیں:

براہِ راست فضائی قطرے

کھانسی یا چھینک کے ساتھ نکلنے والے قطرے فضا میں تیرتے ہوئے سامنے موجود شخص کے منہ، ناک یا آنکھوں میں داخل ہو جاتے ہیں، جس سے فوری انفیکشن ہو سکتا ہے۔

آلودہ سطحیں اور ہاتھ

کھانسی یا چھینک کے دوران ہاتھ کو منہ کے آگے رکھنے سے جراثیم ہاتھوں پر منتقل ہو جاتے ہیں۔ بعد میں وہی ہاتھ دروازے کے ہینڈل، برتنوں یا مریض کے بستر کو چھونے سے جراثیم پورے گھر میں منتقل کر دیتے ہیں۔

کھانسی اور چھینک کے بنیادی آداب


انفیکشن کا پھیلاؤ روکنے کے لیے درج ذیل اصولوں پر سختی سے عمل کریں:

کہنی کے موڑ کا استعمال

اگر  ٹشو پاس موجود نہ ہو تو کبھی بھی ننگے ہاتھوں کو منہ کے آگے نہ لائیں، بلکہ اپنی قمیض کی آستین یا کہنی کے اندرونی موڑ (Crook of the Elbow) سے منہ اور ناک کو ڈھانپیں۔ اس سے آپ کے ہاتھ صاف رہیں گے اور جراثیم دوسری جگہ منتقل نہیں ہوں گے۔

کھانسی اور چھینک کے دوران اپنی کہنی کے اندرونی حصے سے منہ کو ڈھانپنا ضروری ہے۔

ڈسپوزایبل ٹشو پیپر کا درست استعمال

کھانستے یا چھینکتے وقت ہمیشہ ڈسپوزایبل ٹشو کا استعمال کریں۔ ٹشو کو صرف ایک بار استعمال کریں اور فوراً ڈھکن والے ڈسٹ بن میں پھینک دیں۔ استعمال شدہ ٹشو کو جیب، تکیے کے نیچے یا بستر پر نہ رکھیں کیونکہ یہ عمل جراثیم کی افزائش کا باعث بنتا ہے۔

کھانسی اور چھینک کے دوران ٹشو پیپر کا درست استعمال ضروری ہے۔

فوری ہاتھ دھونا یا سینیٹائز کرنا

کھانسنے، چھینکنے یا ناک صاف کرنے کے فوراً بعد اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک دھوئیں، یا الکوحل والے ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں۔

ہاتھ دھونے کا درست طریقہ جاننے کے لیے ہماری گائیڈ  ہاتھ دھونے اور صفائی کے بنیادی اصول کا مطالعہ کریں۔

مریض کے کمرے میں فیس ماسک کا استعمال

اگر تیماردار یا گھر کے کسی فرد کو ہلکا سا  بھی نزلہ یا کھانسی ہو، تو مریض کے کمرے میں داخل ہوتے وقت سرجیکل ماسک (Face Mask) لازمی پہنیں تاکہ سانس کے ذریعے جراثیم مریض تک نہ پہنچیں۔

مریض کے پاس جانے سے پہلے فیس ماسک کا ستعمال کریں تاکہ کھانسی اور چھینک سے مریض متاثر نہ ہو۔

گھر کی فضا کو جراثیم سے پاک رکھنے کے طریقے


قدرتی ہوا کا گزر

مریض کے کمرے کی کھڑکیاں روزانہ کچھ دیر کے لیے کھولیں تاکہ تازہ ہوا کا گزر ہو اور اندر جمی ہوئی آلودہ ہوا اور جراثیم باہر نکل سکیں۔ بند کمرے اور ہوا میں موجود نمی جراثیم کے پھیلنے کے لیے سازگار ترین ماحول فراہم کرتے ہیں۔

بار بار چھوئی جانے والی سطحوں کی صفائی

دروازوں کے ہینڈلز، بیڈ کی ریلنگ، لائٹ کے سوئچ اور ریموٹ کنٹرول جیسی سطحوں کو روزانہ جراثیم کش لوشن یا وائپس سے صاف کریں کیونکہ چھینک کے قطرے ان پر جم جاتے ہیں۔

گھر کو انفیکشن سے پاک کیسے رکھا جائے؟ جانیے ہماری تفصیلی گائیڈ گھر کی صفائی اور جراثیم کشی میں۔

تیمارداروں کے لیے اہم مشورہ


یاد رکھیں: بچوں اور گھر آنے والے مہمانوں کو بھی کھانسی اور چھینک کے ان آداب کی تلقین کریں۔ مریض سے محبت کا تقاضا ہے کہ نزلہ یا زکام کی صورت میں مریض کے قریب جانے سے پرہیز کیا جائے یا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

حوالہ جات