سرجری یا آپریشن کے عمل کو درد سے پاک اور محفوظ بنانے کے لیے اینستھیزیا (بے ہوشی کی ادویات) کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم، آپریشن تھیٹر سے باہر آنے اور ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بھی اینستھیزیا کے اثرات مریض کے جسم اور دماغ میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک موجود رہتے ہیں۔ گھر پہنچنے پر جب مریض شدید غنودگی، متلی، چکر یا یادداشت میں الجھن کا مظاہرہ کرتا ہے، تو اکثر گھریلو تیماردار شدید گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
بطور تیماردار، آپ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ سرجری کے بعد یہ عارضی علامات بالکل قدرتی ہیں۔ اس گائیڈ کا مقصد آپ کو اینستھیزیا کے اثرات، ان کے عام سائیڈ ایفیکٹس اور گھر پر مریض کی محفوظ دیکھ بھال کے عملی اصولوں سے آگاہ کرنا ہے تاکہ آپ پرسکون رہ کر مریض کو صحت یابی کی طرف لا سکیں۔
اینستھیزیا کی اقسام اور ان کا اثر
(Types of Anesthesia)
اینستھیزیا کی مختلف اقسام کے اثرات بھی مختلف ہوتے ہیں:
جنرل اینستھیزیا
(General Anesthesia)
اس میں مریض کو مکمل طور پر بے ہوش کیا جاتا ہے۔یہ اینستھیزیا عموماً بڑی سرجری جیسے دل، دماغ یا پیٹ کے آپریشن کے لیے دیا جاتا ہے۔ اس کا اثر سب سے گہرا ہوتا ہے اور ہوش آنے کے بعد پورے جسم میں سستی، متلی اور ذہنی الجھن زیادہ وقت تک رہ سکتی ہے۔
ریجنل / اسپائنل اینستھیزیا
(Regional / Spinal Anesthesia)
اس میں جسم کے کسی مخصوص حصے (مثلاً کمر سے نچلا دھڑ) کو سن کیا جاتا ہے۔ سرجری کے بعد ٹانگوں میں بے حسی اور حرکت میں دشواری چند گھنٹوں تک رہتی ہے، اور مریض کو اکثر ہلکا سر درد محسوس ہو سکتا ہے۔
لوکل اینستھیزیا
(Local Anesthesia)
اس میں صرف آپریشن والی مخصوص جگہ کو سن کیا جاتا ہے، جس کا پورے جسم یا دماغ پر کوئی خاص منفی اثر نہیں پڑتا۔
اینستھیزیا کے عام سائیڈ ایفیکٹس
(Common After-Effects of Anesthesia)
آپریشن کے بعد پہلے 24 سے 48 گھنٹوں میں درج ذیل عارضی علامات کا ظاہر ہونا معمول کی بات ہے:
متلی اور الٹی
(Nausea and Vomiting)
یہ سب سے عام ضمنی اثر ہے۔بے ہوشی کی ادویات معدے اور نظامِ ہاضمہ کو سست کر دیتی ہیں، جس کی وجہ سے مریض کو متلی یا الٹی کا احساس ہو سکتا ہے۔ یہ احساس ہوش میں آنے کے بعد چند گھنٹوں تک برقرار رہ سکتا ہے اور آپریشن کی نوعیت کے اعتبار سے کم یا زیادہ ہو سکتا ہے۔
گلے میں خراش یا خشکی
(Sore Throat)
جنرل اینستھیزیا کے دوران سانس کی نالی میں رکھی جانے والی ٹیوب (Breathing Tube) کی وجہ سے گلے میں ہلکا درد، خشکی یا نگلنے میں دشواری ہو سکتی ہے۔
شدید غنودگی اور چکر
(Drowsiness & Dizziness)
دماغ پر ادویات کے دیرپا اثر کی وجہ سے مریض بار بار سو جاتا ہے یا بستر سے اٹھنے پر سر چکرانے لگتا ہے۔
پٹھوں میں درد اور کپکپاہٹ
(Shivering & Muscle Aches)
آپریشن تھیٹر کی ٹھنڈک اورسانس کی نالی (ٹیوب) ڈالنے کے لیے پٹھوں کو پرسکون کرنے والی جو دوائیں دی جاتی ہیں، ان کی وجہ سے جسم کا کانپنا یا پٹھوں میں کھنچاؤ ایک عام ردِعمل ہے۔
ذہنی الجھن یا یادداشت کی کمزوری
(Post-Operative Delirium)
خاص طور پر معمر افراد میں آپریشن کے بعد وقت، جگہ یا اپنے پیاروں کو پہچاننے میں عارضی الجھن ہو سکتی ہے، جو دوا کے اثرات ختم ہونے پر ٹھیک ہو جاتی ہے۔ تاہم یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ مکمل بے ہوشی سے ہوش میں آنے والے کچھ افراد میں یہ ذہنی الجھن یا یاداشت کی کمزوری چند دنوں تک بھی رہ سکتی ہے۔ خاص طور پر اگر مریض سرجری کے بعد ہسپتال میں یا کسی انجان جگہ پر موجود ہو۔ تیماردار کو چاہیے کہ وہ مریض کی یاداشت واپس لانے میں اس کی مدد کرے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو اسے خاندان کی تصویریں دکھائے یا دیگر چیزیں یاد کروائے۔
ضروری نوٹ: اگر مریض کو ماضی میں کبھی گرمی سے لُو (ہیٹ اسٹروک) ہوا ہو یا پچھلی کسی سرجری کے دوران شدید بخار کا دورہ رہا ہو، تو سرجری سے پہلے اینستھیزیولوجسٹ (بے ہوشی کے ماہر ڈاکٹر) کو لازمی مطلع کریں۔
گھر پر اینستھیزیا کے بعد مریض کی دیکھ بھال
(Home Care Guide)
سرجری کے بعد ابتدائی 24 گھنٹے مریض کے گرنے اور چوٹ لگنے کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ ان حفاظتی اصولوں پر عمل کریں:
مریض کو اکیلا نہ چھوڑیں
پہلے 24 گھنٹوں کے دوران مریض کے پاس ہر وقت کوئی نہ کوئی بالغ تیماردار موجود رہنا چاہیے۔ مریض کو اکیلے واش روم جانے یا خود سے بستر چھوڑنے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔
خوراک کا بتدریج آغاز
- ابتدا میں صرف پانی کے چھوٹے چھوٹے گھونٹ دیں۔
- اگر مریض کو الٹی نہ ہو تو پتلی یخنی، سوپ یا ہلکی چائے دیں۔
- ٹھوس یا مرغن غذا فوراً دینے سے پرہیز کریں ورنہ الٹی کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
گرنے سے بچاؤ (Fall Prevention)
جب مریض بستر سے اٹھنا چاہے تو پہلے اسے 2 منٹ بستر کے کنارے پر بٹھائیں تاکہ چکر ٹھیک ہو جائیں، پھر دونوں طرف سے سہارا دے کر کھڑا کریں۔
اہم فیصلوں اور ڈرائیونگ سے پرہیز
مریض کو اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک کسی بھی قسم کی ڈرائیونگ، مشینری چلانے یا قانونی/مالی دستاویزات پر دستخط کرنے سے سختی سے روکیں۔
خطرے کی علامات: ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
اگر عام سائیڈ ایفیکٹس کے بجائے درج ذیل میں سے کوئی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں:
- سانس لینے میں شدید دشواری یا سینے میں درد
- مسلسل اور نہ رکنے والی الٹیاں جس سے پانی کی کمی ہو جائے
- شدید بخار یا سردی لگ کر کپکپاہٹ
- آپریشن کے زخم سے مسلسل خون کا بہنا
- پیشاب کا کئی گھنٹوں تک بالکل بند ہو جانا
تیمارداروں کے لیے اہم مشورہ
(Caregiver Tip)
یاد رکھیں: سرجری کے بعد مریض کا چڑچڑا ہونا یا الجھن کا شکار ہونا بیماری نہیں بلکہ بے ہوشی کی دواؤں کا عارضی اثر ہے۔ ان کے ساتھ نرمی اور صبر کا مظاہرہ کریں اور انہیں بار بار تسلی دیں کہ وہ محفوظ ہیں اور گھر پر ہیں۔
متعلقہ مضامین
سرجری کے بعد خطرے کی علامات: سرجری کے بعد خطرے کی علامات: کیئر گیور کیسے پہچانے کہ ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے؟
زخم اور ٹانکے: آپریشن کے ٹانکے اور زخم: پٹی (Dressing) بدلنے کا صحیح طریقہ
بستر پر چادر بدلنا: مریض کی موجودگی میں بستر کی چادر بدلنے کی آسان تکنیک
حوالہ جات
- امریکن سوسائٹی آف اینستھیزیولوجسٹس (ASA): سرجری کے بعد اینستھیزیا کے اثرات ۔
- ہیلتھ لائن (Healthline): جنرل اینستھیزیا کے بعد سائیڈ ایفیکٹس اور حفاظتی تدابیر۔
ضروری نوٹ: اس مضمون کا مقصد سرجری کے بعد کی عمومی آگاہی ہے۔ اینستھیزیا کے اثرات سے متعلق مخصوص ہدایات کے لیے ہمیشہ اپنے اینستھیزسٹ یا سرجن کے ڈسچارج پلان پر عمل کریں۔



