مختلف تحقیقی مطالعے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ تقریباً 70 فیصد نگہداشت کرنے والے (Caregivers) ادویات کے صحیح استعمال اور انتظام کے معاملے میں غلطیاں کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں مریض کے علاج میں کئی طرح کی پیچیدگیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ خوراک (Dose) کا چھوٹ جانا یا ضرورت سے زیادہ دوا دے دینا جیسی چھوٹی غلطیاں بھی مریض کے لیے بڑی مشکل کھڑی کر سکتی ہیں۔
اکثر یہ غلطیاں اس لیے ہوتی ہیں کیونکہ گھر پر مریض کی دیکھ بھال کرنے والے افرادکو ادویات کے ممکنہ مضر اثرات (Side effects)کا علم نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ دواؤں کو دینے کا درست دورانیہ کہ کس دوا کو دن میں کتنی بار اور کتنے دن جاری رکھنا ہے، یا ہر دوا کو شروع کرنے کے صحیح وقت سے بھی پوری طرح واقف نہیں ہوتے۔ جبکہ مریضوں کو محفوظ رکھنے کے لیے دیکھ بھال کرنے والوں کا ادویات کے صحیح استعمال اور انتظام کی بنیادی مہارتوں اور اس کے ضروری ‘قواعد و ضوابط’ کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔
ادویات کا درست انتظام کیوں ضروری ہے؟
دیرینہ (Chronic) امراض میں مبتلا افراد اور بزرگ مریضوں کو اپنی علامات پر قابو پانے کے لیے روزانہ کئی ادویات لینا پڑتی ہیں۔اگر ان ادویات کو ٹھیک طریقے سے دینے کا بندوبست نہ کیا جائے یا لاپرواہی برتی جائے تو دوا کی خوراک چھوٹ جانے یا ایک ہی دوا دو بار دینے یا پھر ادویات کے آپس کے ٹکراؤ (Drug interactions) کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ادویات کا ایک اچھا نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ:
- مریض کو صحیح دوا، صحیح مقدار میں اور صحیح وقت پر ملے۔
- ممکنہ پیچیدگیوں اور سائیڈ ایفیکٹس کا خطرہ کم سے کم ہو۔
- مریض کی صحت برقرار رہے اور وہ تیزی سے بہتری کی طرف بڑھے۔
ادویات کا صحیح استعمال اور انتظام کیسے کیا جائے؟
1۔ ادویات کو اچھی طرح سمجھیں
چونکہ گھر پر دیکھ بھال کے دوران تربیت یافتہ طبی عملے کی براہِ راست نگرانی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، اس لیے نگہداشت کرنے والوں یا تیمارداروں کے لیے ڈاکٹر کی ہدایات کو غور سے پڑھنا اور ان پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ دوا دینے سے پہلے آپ کو کون کون سی باتیں معلوم ہونی چاہئیں:
- ہر دوا کا نام (برانڈ اور فارمولا دونوں)۔
- دوا دینے کا مقصد۔
- دوا کی درست مقدار اور وقت۔
- ممکنہ سائیڈ ایفیکٹس اور الرجی کے اثرات۔
- خصوصی ہدایات (جیسے کھانے کے ساتھ لینا یا دوا کے بعد مخصوص کاموں سے پرہیز)۔
مفید مشورہ: تمام ادویات کی ایک سادہ فہرست بنائیں۔ اس میں دوا کا نام، مقدار اور لینے کا طریقہ و وقت لکھیں۔ اس فہرست میں مریض کو ملنے والی تمام ادویات، وٹامنز اور سپلیمنٹس شامل کریں۔ اس فہرست کو ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ غلطی کا امکان نہ رہے۔ خصوصی ہدایات کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ کچھ ادویات کھانے کے ساتھ اور کچھ خالی پیٹ لینی ہوتی ہیں۔ ان تفصیلات کو نظر انداز کرنے سے دوا کا اثر کم ہو جاتا ہے اور مریض کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
2۔ دوا دینے کے 5 بنیادی اصول (5 Rights)
مریض کو دوا دینے سے پہلے ہمیشہ ان پانچ چیزوں کی تصدیق کریں:
- صحیح مریض: یقین دہانی کر لیں کہ دوا درست مریض کو دی جا رہی ہے۔
- صحیح دوا: دوا کے نام کی دوبارہ جانچ کریں۔
- صحیح مقدار: پیمائش درست ہونی چاہیے۔
- صحیح وقت: دوا شیڈول کے مطابق دیں۔
- صحیح طریقہ: یہ ضرور دیکھیں کہ دوا کس طریقے سے دینی ہے (کھانے کی ہے، انجکشن ہے، یا جلد پر لگانے کی ہے وغیرہ)۔
3۔ ادویات کی ترتیب اور درست اسٹوریج
ادویات کو درست جگہ پر ترتیب سے رکھنا ادویات کے صحیح استعمال اور انتظام کا ایک لازمی جزو ہے جو روزمرہ کی دیکھ بھال کو آسان اور محفوظ بناتا ہے۔ جب ادویات بکھری ہوئی ہوں، تو غلطی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ درج ذیل طریقوں پر عمل کرکے بہت سی غلطیوں سے بچا جا سکتا ہے:
- دوا کو درست وقت اور ترتیب سے دینے کے لیے دوائیوں کی مخصوص ڈبیا / پِل آرگنائزر (Pill Organizer) یا میڈیکیشن چارٹ استعمال کریں۔
- تمام ادویات کو ان کے اصلی ڈبوں یا شیشیوں میں لیبل کے ساتھ ایک جگہ جمع رکھیں۔ مختلف گولیوں کو بغیر لیبل والے ایک ہی برتن میں اکٹھا رکھنے سے گریز کریں۔ گھر پر دیکھ بھال کے دوران یہ عمل بہت بڑی غلطی کا سبب بن سکتا ہے۔
- ادویات کو ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھیں (جب تک کہ انہیں فریج میں رکھنے کی ہدایت نہ ہو)۔
- مختلف نسخوں کی گولیاں کبھی ایک ہی بوتل میں مکس نہ کریں۔
- ادویات کی معیاد ختم ہونے کی تاریخ(Expiry Date) باقاعدگی سے چیک کریں۔
- ادویات کو بچوں اور پالتو جانوروں کی پہنچ سے دور رکھیں۔
- بچ جانے والی یا زائد المیعاد ادویات کو ضائع کرنے کا درست طریقہ اپنائیں۔
4۔ الارم لگائیں اور ریکارڈ رکھیں
جب مریض ایک سے زیادہ ادویات لے رہا ہو تو ایسے میں خوراک بھول جانا ایک عام بات ہے۔ اس سے بچنے کے لیے:
- موبائل میں الارم یا ریمائنڈرز سیٹ کریں۔
- ایک لاگ بک (ریکارڈ رجسٹر) رکھیں اور دوا دینے کے بعد اس پر ٹک (✓) کا نشان لگائیں۔
- اگر کوئی خوراک چھوٹ جائے تو ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں۔ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اگلی بار دوہری (Double) مقدار ہرگز نہ دیں۔
5۔ سائیڈ ایفیکٹس اور ردِعمل پر نظر رکھیں
مسلسل بیماری یا بڑھتی عمر کے ساتھ ہمارا جسم کمزور ہو جاتا ہے۔ ایک توانا جسم اور ایک کمزور جسم پر ادویات کے اثر ات مختلف ہو سکتے ہیں۔ کمزور مریضوں یا بزرگوں کے جگر اور گردے ادویات کو اتنی تیزی سے جسم سے خارج نہیں کر پاتے، جس کی وجہ سے ان میں سائیڈ ایفیکٹس کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔ لہٰذا ایسی صورتحال میں گھر پر دیکھ بھال کرنے والے افراد کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ ان سائیڈ ایفیکٹس پر گہری نظر رکھیں۔ کچھ ادویات درج ذیل مسائل کا سبب بن سکتی ہیں:
- الرجی کا ردِعمل (جلد پر دانے، سوجن، سانس لینے میں دشواری)۔
- متلی، چکر آنا، پٹھوں کی کمزوری یا غیر معمولی رویہ۔
- الجھن، اداسی (Depression)، نیند نہ آنا یا توازن بگڑنے سے گر جانا۔
- بھوک، نیند یا مزاج میں اچانک تبدیلی۔
فوری اقدام:اگر دوا کے بعد مریض کی طبیعت زیادہ خراب لگے، مریض غلط دوا کھا لے، سینے میں درد یا بے ہوشی ہو، اوور ڈوز ہو جائے یا شدید سائیڈ ایفیکٹس نظر آئیں، تو بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر ڈاکٹر یا ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کریں۔
6۔ ڈاکٹر اور فارماسسٹ سے رابطے میں رہیں
جب بھی ممکن ہو، مریض کے ساتھ ڈاکٹر کے پاس جائیں۔ ہر وزٹ میں ڈاکٹر اور فارماسسٹ کو ان باتوں سے لازمی آگاہ کریں:
- مریض جو بھی ادویات، وٹامنز یا سپلیمنٹس لے رہا ہو، ان کی مکمل فہرست (یا ادویات کے ڈبے) ڈاکٹر کو دکھائیں۔
- صحت میں ہونے والی کسی بھی نئی تبدیلی یا علامات کے بارے میں بتائیں۔
- اگر دوا نگلنے میں دشواری ہو یا ادویات کے اخراجات کا مسئلہ ہو، تو ڈاکٹر سے کھل کر بات کریں۔
7۔ ادویات ختم نہ ہونے دیں
دوا کا اچانک ختم ہونا علاج میں رکاوٹ ڈال سکتا ہے جو مریض کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔اگر ادویات میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی تو ادویات ختم ہونے سے چند دن پہلے ہی نیا اسٹاک لے آئیں۔ اگر ڈاکٹر اجازت دیں تو تعطیلات یا ویک اینڈ کے لیے کچھ اضافی دوا بیک اپ کے طور پر پاس رکھیں۔
8۔ مشورے کے بغیر دوا بند یا تبدیل نہ کریں
اگر مریض بہتر بھی محسوس کر رہا ہو، تب بھی ڈاکٹر سے مشورہ کیے بغیر دوا کو خود سے بند نہ کریں اور نہ ہی اس کی مقدار تبدیل کریں۔ ڈاکٹر کی بتائی ہوئی ہدایات کے مطابق کورس پورا کریں۔
9۔ ادویات کو سامنے کھلا نہ چھوڑیں
یادداشت کے مسائل کا شکار بزرگ مریض بعض اوقات بھول کر دوا کی اضافی خوراک خود سے لے سکتے ہیں۔ اس لیے ادویات کو ہمیشہ محفوظ اور ان کی پہنچ سے دور اسٹور کریں۔
10۔ دیکھ بھال کے دیگر پہلوؤں کو نہ بھولیں
دوا مریض یا بزرگ افراد کی دیکھ بھال کا صرف ایک حصہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی اچھی غذا، ہلکی پھلکی ورزش، ان کی تنہائی دور کرنے کے لیے دوستوں اور فیملی سے ملاقات اور باقاعدہ چیک اپ کا بھی برابر خیال رکھیں۔
حاصلِ کلام
ادویات کا انتظام صرف گولیاں دینے کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ حفاظت، تسلسل اور باقاعدگی کا نام ہے۔ دیرینہ امراض میں مبتلا مریضوں یا بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے لیے بے پناہ صبر اور نرمی کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ بعض اوقات وہ کڑوے ذائقے، سائیڈ ایفیکٹس یا بھول چوک کی وجہ سے دوائیں لینے سے کتراتے ہیں۔ ان اصولوں پر عمل کر کے آپ ادویات سے جڑی غلطیوں کو روک سکتے ہیں اور اپنے مریض کی صحت کو مستحکم رکھ سکتے ہیں۔
حوالہ جات
اس مضمون کی تیاری کے لیے درج ذیل ذرائع سے بھی مدد لی گئی ہے:
یونیورسٹی آف فلوریڈا ہیلتھ: تیمار داری اور ادویات کا انتظام
نیشنل لائبریری آف میڈیسن: پیڈیاٹرک ڈسچارج کے بعد تیمارداروں میں ادویات کی سمجھ بوجھ اور انتظام کا جائزہ
نیشنل لائبریری آف میڈیسن: نفسیاتی مریضوں کے لیے گھر پر ادویات کا انتظام
جان ہوپکنز میڈیسن: ادویات کی دیکھ بھال اور حفاظتی تدابیر
ضروری وضاحت (Disclaimer): اس مضمون میں فراہم کردہ معلومات صرف تعلیمی اور آگاہی کے مقاصد کے لیے ہیں۔ کسی بھی طبی کیفیت یا بیماری کے سلسلے میں ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا کسی مستند ماہرِ صحت سے مشورہ ضرور کریں۔
ادویات کے انتظام سے متعلق ہماری دیگر تحاریر



Pingback: Complete Guide To Elder Care At Home - carebinder.org
Pingback: Essential Care Tips for Cardiac Patients - carebinder.org
Pingback: Common Medication Mistakes - carebinder.org
Pingback: The Complete Guide to Medical Patient Care at Home - carebinder.org
Pingback: Understanding Chemotherapy and Its Challenges | carebinder.org
Pingback: How to Prepare Home for Patient Care - carebinder.org
Pingback: Managing Post-Surgical Pain and Discomfort: A Caregiver's Guide - carebinder.org