سرجری کے بعد جب مریض ہسپتال سے گھر منتقل ہوتا ہے، تو تیماردار کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری آ جاتی ہے۔ ہسپتال کا ماحول تو محفوظ اور طبی نگرانی میں ہوتا ہے، لیکن گھر پر زخم کی صحیح دیکھ بھال کرنا اور اسے انفیکشن سے بچانا ایک بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔ اکثر تیماردار اس بات کو لے کر پریشان رہتے ہیں کہ زخم کو کب اور کیسے صاف کرنا ہے، کون سی علامات نارمل ہیں اور کب تشویش کا اظہار کرنا چاہیے۔ ہم اس گائیڈ میں کوشش کریں گے انہی سوالوں کے جواب تلاش کریں۔
یہ گائیڈ کسی بھی قسم کے طبی مشورے کا متبادل نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد آپ کو وہ بنیادی اور عملی معلومات فراہم کرنا ہے جو گھر پر مریض کی دیکھ بھال (Caregiving) کو آسان اور محفوظ بنا سکیں۔
آپریشن یا سرجری کے بعد زخم کی دیکھ بھال کیسے کریں؟
سرجری کے زخم کی دیکھ بھال کے لیے اسے ہمیشہ صاف اور خشک رکھیں، پٹی بدلنے کے لیے جراثیم سے پاک سامان (Sterile materials) استعمال کریں اور اپنے سرجن کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انفیکشن کی علامات جیسے سرخی، سوجن، پیپ یا بخار پر نظر رکھیں اور ان کے ظاہر ہوتے ہی ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اچھی غذا، جسمانی دباؤ سے پرہیز اور باقاعدہ چیک اپ زخم کو جلدی بھرنے میں مدد دیتے ہیں۔
1۔ اپنے سرجن کی ہدایات پر عمل کریں (Follow Your Surgeon’s Instructions)
آپ کا سرجن آپ کی حالت کو سب سے بہتر سمجھتا ہے۔ سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہوتے وقت ڈاکٹر یا سرجن کی طرف سے جو ہدایات دی جاتی ہیں، وہ مریض کی جلد اور محفوظ صحت یابی کے لیے سب سے اہم ہوتی ہیں۔ ہر مریض اور ہر سرجری کی نوعیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے انٹرنیٹ پر موجود عام معلومات یا دوسروں کے تجربات پر بھروسہ کرنے کے بجائے صرف اپنے سرجن کی بتائی ہوئی باتوں کو اہمیت دیں۔
تیماردار کے لیے اہم نکات:
اگلا معائنہ (Follow-up): ڈاکٹر نے دوبارہ کب معائنے یا ٹانکے کھلوانےکے لیے بلایا ہے، اس تاریخ کو یاد رکھیں اور وقت پر مریض کو لے کر جائیں۔
ڈسچارج پیپر کو سمجھیں: ہسپتال سے ملنے والی ہدایات کی پرچی (Discharge Summary) کو غور سے پڑھیں اور اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو نرس یا ڈاکٹر سے وہیں پوچھ لیں۔
دوائیوں کا شیڈول: اینٹی بائیوٹکس اور درد کی ادویات کب، کتنی اور کس وقت دینی ہیں، اس کا ایک چارٹ بنا لیں تاکہ کوئی خوراک چھوٹنے نہ پائے۔
2۔ زخم کو صاف اور خشک رکھیں (Keep the Wound Clean and Dry)
ایک صاف ستھرا زخم جلدی اور بہتر طریقے سے بھرتا ہے۔ انفیکشن (جراثیم) سے بچاؤ اور زخم کو جلد بھرنے کے لیے سب سے بنیادی اصول یہ ہے کہ زخم کی جگہ کو ہمیشہ صاف اور خشک رکھا جائے۔ نمی یا گندگی جراثیموں کے پھیلنے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے اس معاملے میں خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
پسینے اور نمی سے بچاؤ: مریض کو ایسے ماحول میں رکھیں جہاں زیادہ پسینہ نہ آئے، کیونکہ پسینہ زخم میں جلن اور جراثیم کا باعث بن سکتا ہے۔ اگر پٹی کسی بھی وجہ سے گیلی یا نم ہو جائے تو اسے فوراً تبدیل کریں۔
ہاتھوں کی صفائی سب سے پہلے: زخم کو چھونے، پٹی بدلنے یا صاف کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو صابن اور گرم پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک اچھی طرح دھویں اور صاف تولیے سے خشک کریں۔
نہانے کے بارے میں احتیاط: جب تک سرجن اجازت نہ دے، زخم والی جگہ پر پانی نہ پڑنے دیں۔ اگر نہانے کی اجازت ہو تو زخم کو رگڑنے کے بجائے صرف ہلکے ہاتھ سے صاف کریں اور بعد میں نرمی سے تھپتھپا کر (Pat dry) بالکل خشک کر لیں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو ہیئر ڈرائیر کو ٹھنڈی ہوا کی پوزیشن پر رکھ کر اس کی ہوا سے زخم کو خشک کریں۔ لیکن ایسا کرنے سے پہلے اپنے سرجن سے تصدیق ضرور کر لیں کہ آیا آپ کے زخم کے لیے ہوا کا دباؤ مناسب ہے یا نہیں۔ مریض اگر طویل عرصے کے لیے کھلے پانی سے نہیں نہا سکتا تو ڈاکٹر کی اجازت کے بعد اسے بستر پر غسل بھی دیا جا سکتا ہے۔ (ہماری گائیڈ بستر پر غسل میں مکمل طریقہ کار موجود ہے)
3۔ پٹی بدلنے کا درست طریقہ اپنائیں (Change Dressings the Right Way)
گھر پر زخم کی پٹی تبدیل کرنا ایک حساس مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر اسے درست اور صاف ستھرے طریقے سے نہ کیا جائے تو زخم خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ تیماردار کو پٹی بدلتے وقت جلد بازی کے بجائے پوری توجہ اور صفائی کا خیال رکھنا چاہیے۔ ہر بار نیا اور جراثیم سے پاک طبی سامان استعمال کریں۔ پٹی کو اتنی ہی بار تبدیل کریں جتنا آپ کے ڈاکٹر نے تجویز کیا ہو۔ اگر تیماردارکو پٹی تبدیل کرنی نہیں آتی تو خودتجربہ کرنے کی بجائے کسی طبی ماہر سے یہ کام کروائیں۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
نئی پٹی لگائیں: نئی جراثیم سے پاک (Sterile) پٹی کو اندرونی سطح سے چھوئے بغیر زخم پر رکھیں اور طبی ٹیپ کی مدد سے کناروں کو اچھی طرح بند کر دیں تاکہ باہر کی دھول مٹی اندر نہ جا سکے۔
ضروری سامان اکٹھا کریں: پٹی شروع کرنے سے پہلے تمام سامان (مثلاً نئی جراثیم سے پاک پٹی، طبی ٹیپ، قینچی، اور ڈاکٹر کا بتایا ہوا لوشن یا محلول) ایک صاف جگہ پر رکھ لیں تاکہ بار بار اٹھنا نہ پڑے۔
پرانی پٹی آرام سے اتاریں: پرانی پٹی کو بہت نرمی اور آہستہ سے اتاریں تاکہ تازہ زخم پر کھنچاؤ نہ آئے۔ اگر پٹی زخم کے ساتھ چپک گئی ہو، تو اسے زبردستی کھینچنے کے بجائے ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ہلکا سا نم کر کے الگ کریں۔
زخم کا معائنہ کریں: پٹی اتارنے کے بعد زخم کو غور سے دیکھیں کہ اس کا رنگ کیسا ہے، کوئی غیر معمولی سوزش تو نہیں، یا اس میں سے کوئی مواد تو نہیں نکل رہا۔
زخم کی صفائی کریں: زخم کی صفائی صرف اور صرف ڈاکٹر کے بتائے ہوئے لوشن یا محلول سے ہی کریں۔ زخم کی صفائی کے لیے عین وہی طریقہ استعمال کریں جو ڈاکٹر نے بتایا ہے۔
کریم یا دوائی لگائیں: اگر ڈاکٹر نے زخم پر لگانے کے لئے کوئی کریم یا دوائی تجویز کی ہوئی ہے تو وہ لگائیں۔ یاد رکھیں کہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ کریم یا دوا کی علاوہ کوئی اور دوا یا دیسی ٹوٹکہ زخم پر نہ آزمائیں۔ اس سے زخم ٹھیک ہونے کی بجائے مزید بگڑ سکتا ہے۔
4۔ انفیکشن کی علامات پر نظر رکھیں (Watch for Signs of Infection)
سرجری کے بعد تیماردار کی سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہوتی ہے کہ وہ زخم کو انفیکشن (جراثیم زدہ ہونے) سے بچائے۔ بعض اوقات تمام تر احتیاط کے باوجود زخم میں جراثیم داخل ہو سکتے ہیں۔ اگر انفیکشن کی علامات کو بروقت پہچان لیا جائے، تو پیچیدگیوں سے بچنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔
تیماردار کے لیے اہم نشانیاں (جن پر نظر رکھنا ضروری ہے):
- سرخی اور سوزش کا بڑھنا: زخم کے ارد گرد کی جلد کا زیادہ سرخ ہو جانا، گرم محسوس ہونا یا سوجن کا وقت کے ساتھ کم ہونے کے بجائے بڑھنا۔
- درد میں اضافہ: اگر مریض کا درد ادویات دینے کے باوجود مسلسل بڑھ رہا ہو اور زخم کو چھونے سے شدید تکلیف ہو۔
- غیر معمولی رساؤ یا پیپ: زخم سے بدبودار، پیلے یا سبز رنگ کے مواد (پیپ) کا نکلنا۔
- بخار یا سردی لگنا: مریض کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ جانا (بخار ہونا) یا شدید کپکپی کا ہونا۔
تیماردار کے لیے نوٹ: اگر آپ کو ان میں سے کوئی بھی علامت نظر آئے، تو خود سے کوئی علاج کرنے کے بجائے فوراً اپنے معالج (ڈاکٹر) سے رابطہ کریں۔
(انفیکشن کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ ہماری تفصیلی گائیڈ ‘انفیکشن سے بچاؤ’ کا مطالعہ بھی کر سکتے ہیں)
5۔ درد اور سوجن کا انتظام کریں (Manage Pain and Swelling)
سرجری کے بعد ابتدائی دنوں میں زخم کی جگہ پر درد اور ہلکی سوجن ہونا ایک قدرتی عمل ہے، لیکن تیماردار کی درست تدابیر سے مریض کو اس تکلیف سے کافی حد تک راحت پہنچائی جا سکتی ہے۔ درد اور سوجن کا بروقت انتظام مریض کے آرام اور اس کی جلد صحت یابی کے لیے بہت ضروری ہے۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
آرام دہ پوزیشن: مریض کو بستر پر اس پوزیشن میں بٹھائیں یا لٹائیں جس سے زخم پر کسی قسم کا دباؤ یا کھنچاؤ نہ پڑے۔
ادویات کا وقت پر استعمال: ڈاکٹر کی تجویز کردہ درد کش ادویات (Painkillers) کو وقت پر دیں۔ درد کے شدید ہونے کا انتظار نہ کریں، کیونکہ شدید ہو جانے کے بعد دوا کا اثر ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔
زخم والے حصے کو اونچا رکھیں: اگر سرجری ہاتھ یا ٹانگ کی ہوئی ہے، تو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اس حصے کے نیچے تکیہ رکھ کر اسے دل کی سطح سے تھوڑا اونچا رکھیں تاکہ سوجن کم ہو سکے۔
برف کی ٹکور (کولڈ کمپریس): اگر ڈاکٹر نے اجازت دی ہو، تو سوجن اور درد کو کم کرنے کے لیے ایک صاف تولیے میں برف لپیٹ کر زخم کے ارد گرد (براہِ راست زخم پر نہیں) ہلکی ٹکور کریں۔ کبھی بھی برف کو براہِ راست جلد پر نہ رکھیں۔
6۔ بہترین غذا سے صحت یابی کو تیز کریں (Support Healing Through Nutrition)
سرجری کے بعد زخم کو بھرنے اور جسم کی طاقت بحال کرنے کے لیے مناسب اور متوازن غذا کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے۔ اچھا کھانا جسم کو وہ ضروری اجزا فراہم کرتا ہے جو نئے خلیات (cells) بنانے اور جراثیم کے خلاف لڑنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ مریض کو مناسب غذا نہ دینے کی صورت میں زخم کی صحت یابی کا عمل سست ہو سکتا ہے اور اس سستی کی وجہ سے دیگر پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
تیماردار کے لیے عملی ہدایات:
- پروٹین سے بھرپور خوراک: پروٹین زخم کو جلدی بھرنے میں بنیادی بلاک کا کام کرتا ہے۔ مریض کی غذا میں انڈے، دودھ، دہی، چکن، مچھلی یا دالیں شامل کریں (اگر ڈاکٹر نے منع نہ کیا ہو)۔
- وٹامنز اور منرلز: وٹامن سی (جیسے مالٹے، لیموں، امرود) اور زنک زخم کے ٹھیک ہونے کے عمل کو تیز کرتے ہیں۔ تازہ پھل اور سبزیاں مریض کو لازمی دیں۔
- پانی کا وافر استعمال: مریض کے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔ دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی، تازہ جوس یا سوپ دیں تاکہ جسم کا نظام درست کام کرے اور جلد میں لچک برقرار رہے۔
قبض سے بچاؤ: سرجری کے بعد ادویات اور کم حرکت کی وجہ سے اکثر مریضوں کو قبض ہو جاتی ہے، جو ٹانکوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے غذا میں فائبر (جیسے دلیہ، چھلکا، اور ہری سبزیاں) شامل کریں۔
7۔ آپریشن والی جگہ پر دباؤ ڈالنے سے بچیں (Avoid Strain on the Surgical Site)
سرجری کے بعد ٹانکے اور اندرونی زخم بہت نازک ہوتے ہیں۔ کسی بھی قسم کا اچانک جھٹکا، دباؤ یا کھنچاؤ ٹانکوں کے کھلنے یا زخم کے دوبارہ تازہ ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے تیماردار کو ایسے تمام کاموں اور پوزیشنز سے مریض کو دور رکھنا چاہیے جو آپریشن والی جگہ پر بوجھ ڈالیں۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
ڈھیلے ڈھالے کپڑے: مریض کو ہمیشہ نرم، ہوا دار اور ڈھیلے کپڑے پہنائیں تاکہ کپڑوں کی رگڑ یا تنگی کی وجہ سے زخم پر کسی قسم کا دباؤ یا جلن پیدا نہ ہو۔
اٹھنے بیٹھنے میں مدد کریں: مریض کو بستر سے اٹھتے، بیٹھتے یا کروٹ لیتے وقت سہارا دیں تاکہ وہ اپنے زخم والے حصے کے پٹھوں پر زور ڈالنے کے بجائے آپ کی مدد سے حرکت کرے۔
وزن اٹھانے پر پابندی: مریض کو کم از کم ابتدائی چند ہفتوں تک (یا جب تک ڈاکٹر منع کرے) کوئی بھی بھاری چیز اٹھانے، جھکنے یا زور لگانے والے کاموں سے سختی سے روکیں۔
کھانسی اور چھینک کے وقت احتیاط: اگر آپریشن پیٹ یا چھاتی کا ہوا ہے، تو کھانستے، چھینکتے یا ہنستے وقت ٹانکوں پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے۔ ایسی صورت میں مریض کو سکھائیں کہ وہ ایک نرم تکیہ اپنے زخم پر رکھ کر اسے ہلکے ہاتھ سے دبا لیں (Splinting) تاکہ ٹانکوں کو سہارا مل سکے۔
8۔ زخم کو کھرچنے یا چھونے سے پرہیز کریں (Don’t Scratch or Pick at the wound)
جب زخم ٹھیک ہونا شروع ہوتا ہے، تو وہاں نئے خلیات بننے کی وجہ سے اکثر شدید خارِش یا چبھن محسوس ہوتی ہے۔ یہ اس بات کی نشانی ہے کہ زخم بھر رہا ہے، لیکن اس موقع پر زخم کو بار بار چھونا یا کھرچنا نئے بننے والے نازک خلیات کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور انفیکشن کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
ناخن چھوٹے رکھیں: احتیاط کے طور پر مریض کے ناخن تراش کر رکھیں تاکہ اگر نیند میں یا نادانستگی میں بھی ہاتھ زخم پر جائے، تو ناخنوں کی وجہ سے کوئی کٹ یا انفیکشن نہ ہو۔
مریض کو پیار سے سمجھائیں: مریض کو بار بار یاد دلائیں کہ وہ زخم پر ہاتھ نہ لگائے اور نہ ہی اسے کھرچے۔ خاص طور پر بچوں یا بزرگوں کے معاملے میں اس بات کا زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے۔
کھرنڈ (Scab) نہ اتاریں: زخم کے اوپر جو سخت کھرنڈ یا پپڑی جم جاتی ہے، اسے خود سے اتارنے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ یہ جسم کا اپنا حفاظتی نظام ہے، اسے خود ہی جھڑنے دیں۔
خارش کا حل: اگر خارش بہت زیادہ ہو اور مریض سے ضبط نہ ہو رہا ہو، تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر کے کوئی محفوظ لوشن یا خارش کم کرنے والی دوا پوچھ لیں۔ اس کے علاوہ، زخم کے ارد گرد (زخم کے اوپر نہیں) ہلکے ہاتھ سے تھپتھپانے سے بھی خارش میں عارضی آرام مل سکتا ہے۔
9۔ بیرونی اثرات سے زخم کی حفاظت کریں (Protect the Wound from External Irritants)
ہسپتال کے جراثیم سے پاک ماحول کے برعکس، گھر میں بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو کھلے یا تازہ زخم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایک اچھے تیماردار کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ زخم ہر قسم کی بیرونی آلودگی، مٹی، اور دیگر مضر اثرات سے پوری طرح محفوظ رہے۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
مہمانوں سے دوری: سرجری کے بعد ابتدائی دنوں میں مریض سے ملنے جلنے والوں کی تعداد محدود رکھیں۔ باہر سے آنے والے افراد اپنے ساتھ جراثیم لا سکتے ہیں، جو مریض کی کمزور قوتِ مدافعت اور تازہ زخم کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔
پالتو جانوروں کو دور رکھیں: اگر گھر میں پالتو جانور (جیسے بلی، کتا یا پرندے) موجود ہیں، تو انہیں مریض کے کمرے اور خاص طور پر بستر سے دور رکھیں۔ جانوروں کے بال، پر یا ان کی رطوبتیں زخم میں شدید انفیکشن کا باعث بن سکتی ہیں۔
دھول مٹی اور صفائی کا خیال: مریض کے کمرے کی صفائی کرتے وقت جھاڑو دینے کے بجائے گیلا پونچھا (Mopping) لگائیں تاکہ دھول مٹی اڑ کر زخم یا پٹی پر نہ بیٹھے۔
تیز دھوپ اور گرمی سے بچاؤ: زخم والے حصے کو براہِ راست تیز دھوپ سے بچائیں۔ تیز دھوپ اور گرمی کی وجہ سے زخم کی جگہ کی جلد جھلس سکتی ہے یا وہاں پسینہ آنے سے جراثیم پیدا ہو سکتے ہیں۔
10۔ فالو اپ معائنے کو یقینی بنائیں (Schedule Follow-up Visits)
سرجری کے بعد ہسپتال سے گھر آ جانے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اب ڈاکٹر کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔ بعض اوقات مریض ظاہری طور پر بالکل ٹھیک نظر آ رہا ہوتا ہے، لیکن اندرونی زخم کی حالت اور ٹانکوں کی مضبوطی کا درست اندازہ صرف ایک ماہر سرجن ہی لگا سکتا ہے۔ اس لیے ڈاکٹر کے بتائے گئے تمام فالو اپ معائنے انتہائی ضروری ہیں۔
تیماردار کے لیے عملی تدابیر:
طبی ریکارڈ ساتھ رکھیں: جب بھی دوبارہ معائنے کے لیے جائیں، مریض کی ڈسچارج سمری، ادویات کی پرچی اور اگر کوئی ٹیسٹ ہوا ہو تو اس کی رپورٹ اپنے ساتھ لے جانا نہ بھولیں۔
ملاقات کا وقت پہلے سے طے کریں: ہسپتال سے واپسی پر ہی اگلی ملاقات (Appointment) کی تاریخ اور وقت نوٹ کر لیں تاکہ آخری وقت پر کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سوالات کی فہرست بنائیں: گھر پر دیکھ بھال کے دوران اگر آپ کے ذہن میں کوئی سوال آئے (جیسے مریض کی حرکت، نہانے یا غذا کے بارے میں)، تو اسے ایک ڈائری پر لکھ لیں اور معائنے کے وقت ڈاکٹر سے ضرور پوچھیں۔
ٹانکے کھلوانا (اگر ضروری ہو): اگر زخم پر ایسے ٹانکے لگے ہیں جو خود نہیں گھلتے، تو انہیں خود سے نکالنے یا لاپرواہی کی وجہ سے زیادہ دن تک چھوڑنے کی غلطی ہرگز نہ کریں۔ ڈاکٹر کی بتائی ہوئی تاریخ پر ہی ٹانکے کھلوائیں۔
حاصلِ کلام (Conclusion)
سرجری کے بعد مریض کی گھر پر دیکھ بھال کرنا بلاشبہ ایک بڑی اور حساس ذمہ داری ہے، لیکن صحیح معلومات، صبر اور تھوڑی سی احتیاط کے ساتھ آپ اس مرحلے کو مریض اور اپنے لیے بہت آسان بنا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ زخم کے بھرنے کا عمل ہر انسان میں مختلف رفتار سے ہوتا ہے، اس لیے جلد بازی کے بجائے نظم و ضبط اور صفائی کو اپنی ترجیح بنائیں۔ ایک اچھے تیماردار کی محبت، توجہ اور بروقت احتیاط مریض کو نہ صرف درد اور انفیکشن سے بچاتی ہے بلکہ اسے دوبارہ ایک صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے میں سب سے بڑا سہارا بنتی ہے۔ اپنے معالج کی ہدایات پر سختی سے عمل پیرا رہیں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوراً طبی ماہرین سے رجوع کریں۔
حوالہ جات
اس مضمون کی تیاری میں درج ذیل ذرائع سے بھی مدد لی گئی ہے:
کلیولینڈ کلینک (clevelandclinic.org): آپریشن کے کٹ اور زخم کی نگہداشت
جانز ہاپکنز میڈیسن (Johns Hopkins Medicine): سرجری کے بعد کی پیچیدگیاں
ویب ایم ڈی (webmd): سرجری کے بعد زخم کی دیکھ بھال کیسے کی جائے
ضروری وضاحت (Disclaimer): اس گائیڈ میں فراہم کردہ معلومات صرف تعلیمی اور آگاہی کے مقاصد کے لیے ہیں۔ کسی بھی طبی کیفیت یا بیماری کے سلسلے میں ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا کسی مستند ماہرِ صحت سے مشورہ ضرور کریں۔

