مریض کو بستر پر نہلانا یعنی بیڈ باتھ ان مریضوں کی صفائی اور بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے جو اپنی صحت کی مختلف حالتوں کی وجہ سے خود نہانے کے قابل نہیں ہوتے۔ غسل کا عمل، چاہے وہ بستر پر ہی کیوں نہ ہو، مریض کی مکمل دیکھ بھال کا ایک لازمی حصہ ہے ۔ طویل عرصے تک بیڈ پر ہی لیٹے رہنے اور رگڑ اور نمی کے جمع ہونے کی وجہ سےمریض کی جلد پر زخم ہو جاتے ہیں جنہیں پریشر السر یا بیڈ سورز (Bed Sores) کہا جاتا ہے ۔ باقاعدگی سے نہلانا جلد کے ان زخموں کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔
جلد کو صاف اور نم (Moisturized) رکھنے سے جراثیموں کی افزائش کم ہو جاتی ہے جس سے انفیکشن سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ دیگر سنگین پیچیدگیوں کے خطرے کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بیڈ باتھ مریض کے سکون اور وقار کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ تجربہ مریض کو معمول کی زندگی کا احساس دلاتا ہے ، خاص طور پر ایسی صورتحال میں جہاں وہ اپنی بیماری کی وجہ سے خود کو بے بس محسوس کر رہے ہوں۔
بیڈ باتھ دینے کا مرحلہ وار طریقہ
بستر پر غسل دینے کے لیے ضروری ہے کہ یہ عمل باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا جائے تاکہ مریض اور نگہداشت کرنے والے، دونوں کے لیے آرام دہ اور پر اثر ہو۔ اس عمل میں پوری توجہ اور مریض کی ضروریات اور مسائل کا علم ہونا ضروری ہے۔مریض کو بیڈ باتھ یا بستر پر کیسے نہلایا جائے؟ آئیے اس عمل کو مرحلہ وار سمجھتے ہیں۔
پہلا مرحلہ: غسل شروع کرنے سے پہلے چند اہم نکات
بیڈ باتھ کے لیے ایک پرسکون ماحول بنائیں۔ اکثر معمر یا معذور افراد غسل سے انکار کر دیتے ہیں کیونکہ انہیں کمرے میں سردی محسوس ہوتی ہے۔ بڑی عمر کے لوگ عام لوگوں کی نسبت سردی اور گرمی کو زیادہ شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ مریض کو یہ ڈر ہو سکتا ہے کہ پانی کے بہت زیادہ ٹھنڈا یا گرم ہونے سے وہ بیمار پڑ جائیں گے۔ اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمرے کا درجہ حرارت مناسب ہو تاکہ مریض کو سردی نہ لگے۔ اگر ضروری ہو تو غسل کے دوران کمرے کو گرم رکھنے کے لیے کھڑکیاں بند کر دیں یا ہیٹر چلا دیں۔
غسل کے دوران مریض کی رازداری اور وقار کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ اگر مریض ایسی جگہ لیٹا ہے جہاں دیگر مریض بھی ہیں یا لوگوں کی آمدروفت محدود نہیں کی جاسکتی تو اس کے لیے پردوں یا اسکرین کا استعمال کریں۔ اگر مریض الگ کمرے میں ہے تو غیرضروری افراد یا تیمارداروں کو شائستگی سے کمرے سے باہر جانے کا کہہ دیں۔ کمرے کا دروازہ بند کردیں اور اگر ضروری ہو تو کھڑکیوں کے پردے برابر کر دیں۔

مریض کو بستر پر نہلانے (بیڈ باتھ) سے پہلے اس کے ساتھ بات چیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اسے بتائیں کہ آپ کیا کرنے جا رہے ہیں اور ہر مرحلے کی وضاحت کریں۔ اس سے نہ صرف مریض کا خوف ختم ہوتا ہے بلکہ وہ اپنے آپ کو زیادہ خودمختارمحسوس کرتا ہے۔ اگر وہ اس عمل سے متعلق کوئی سوال پوچھیں تو نرمی سے ان سوالات کے جوابات دیں، انہیں ترغیب دیں اور ان کی ہمت بندھائیں۔ ہر قدم پر ان سے پوچھتے رہیں کہ آیا وہ آرام دہ محسوس کر رہے ہیں۔
دوسرا مرحلہ: غسل کی تیاری اور ضروری سامان
مریض کو بستر پر نہلانے کا عمل شروع کرنے سے پہلے درج ذیل درج ذیل اشیاء بستر کے قریب کسی میز پر رکھ لیں تاکہ وہ آپ کی پہنچ میں ہوں:
- ڈسپوزایبل دستانے (Disposable gloves)۔
- منہ کو دھونے کے لیے رومال (Face Cloths)۔
- پانی کے لیے ایک بڑا برتن یا ٹب اور مگ۔
- نرم اور ہلکا سوتی یا فلالین کا کمبل۔
- کم از کم دو عدد تولیے
- نرم اسفنج یا دھونے کے چھوٹے کپڑے (Washcloths)۔
- صابن، پاؤڈر، لوشن، ڈیوڈرنٹ، کنگھی اور دانتوں کی صفائی کا سامان۔
- صاف کپڑے، انڈر ویئر اور بستر کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے کپڑے۔
- استعمال شدہ سامان پھینکنے کے لیے ٹوکری یا لفافہ

اگر مریض کی جلد حساس ہے تو خوشبو کے بغیر (Hypoallergenic) مصنوعات استعمال کریں۔ اس کے علاوہ، بستر کی چادروں کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے واٹر پروف بیڈ پیڈز کا استعمال صفائی کے وقت کو کم کر سکتا ہے۔
تیسرا مرحلہ: بیڈ باتھ کا آغاز
برتن کو نیم گرم پانی سے بھریں۔ پانی کا درجہ حرارت 115 ڈگری فارن ہائیٹ (تقریباً 46 ڈگری سینٹی گریڈ) سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ اگر آپ کے پاس تھرمامیٹر نہیں ہے، تو پانی کو اپنی کہنی (Elbow) سے چیک کریں، یہ آپ کو آرام دہ محسوس ہونا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ جب تک پانی مریض کے جسم تک پہنچتا ہے، یہ مزید تھوڑا ٹھنڈا ہو جاتا ہے۔
جب مریض کو بستر پر نہلانے کے لیے تمام ضروری تیاری مکمل ہو جائے تو نہلانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کریں۔
- سب سے پہلے مریض کو صحیح پوزیشن میں لائیں۔ مریض بستر پر آرام سے لیٹا ہو اور سر والا حصہ تھوڑا سا اوپر ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ سہارے کے لیے تکیوں کا استعمال کریں۔ غسل شروع کرنے سے پہلے ایک بار پھر مریض کو پورا عمل سمجھا دیں۔ کوشش کریں کہ مریض (یا معمر فرد) جتنا ممکن ہو سکے، غسل کا کچھ حصہ خود انجام دے۔ بعض صورتوں میں نگہداشت کرنے والے کو صرف سامان تیار کرنے اور مریض کی کمر دھونے کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ دیگر صورتوں میں تمام مراحل خود انجام دینے پڑ سکتے ہیں۔

- اگر مریض کو جسم پر کوئی رسنے والا زخم ہو تو ڈسپوزایبل دستانے لازمی پہنیں۔
- مریض کے اوپر موجود چادر کے اوپر ہی نرم کمبل ڈال دیں۔ اب نیچے والی چادر کو پیچھے ہٹا دیں تاکہ وہ گیلی نہ ہو۔ مریض کے کپڑے اتارنے میں مدد کریں۔ یہ کمبل مریض کو گرم بھی رکھے گا اور ان کا پردہ بھی برقرار رہے گا۔ غسل کے دوران جتنا ممکن ہو، مریض کو کمبل سے ڈھانپ کر رکھیں۔
- غسل کا آغاز مریض کے چہرے سے کریں؛ دھونے کے کپڑے کو بغیر صابن کے گیلا کریں۔ آنکھ کے اندرونی کونے سے بیرونی کونے کی طرف پلکوں کو نرمی سے صاف کریں۔ تولیے سے خشک کریں اور پھر کپڑے کو پانی میں نتھار کر دوسری آنکھ کو بھی اسی طرح صاف کریں۔
- ہلکا مائع صابن (Liquid soap) اور اگر مائع صابن نہ ہو تو کوئی بھی ہلکا صابن استعمال کرتے ہوئے چہرہ، گردن اور کان صاف کریں۔ دوسرے گیلے کپڑے سے جلد پر لگے صابن کو صاف کرکے خشک کر لیں۔ اب ایک بازو کے نیچے تولیہ رکھیں اور ہاتھ، بازو اور بغل کو دھوئیں، انگلیوں کے درمیان صفائی کریں ۔ صابن صاف کر کے بازو کو اچھی طرح خشک کریں، خاص طور پر بغل والے حصے کو۔ یہی عمل دوسرے بازو کے لیے دہرائیں۔
- کمبل کو تھوڑا نیچے کر کے سینہ اور پیٹ دھوئیں۔ سینے کے نیچے اور جلد کی تہوں (Skin folds) پر خاص توجہ دیں تاکہ وہاں کوئی انفیکشن نہ ہو۔ صابن صاف کر کے خشک کریں اور دوبارہ کمبل سے ڈھانپ دیں۔
- نچلے حصے کے لیے ایک علیحدہ کپڑا استعمال کریں۔ ایک ٹانگ سے کمبل ہٹائیں، اس کے نیچے تولیہ رکھیں اور پاؤں سمیت پوری ٹانگ دھو کر خشک کریں۔ یہی طریقہ دوسری ٹانگ کے لیے اپنائیں۔
- بستر پر لیٹے لیٹے مریض کو اپنے پاؤں پانی کے برتن میں ڈبونا اچھا لگ سکتا ہے۔ ایسی صورت میں بستر کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے برتن کے نیچے تولیہ رکھیں۔ مریض کا ایک پاؤں برتن میں رکھوائیں (ہو سکتا ہے آپ کو ٹانگ پکڑ کر سہارا دینا پڑے)۔ دھونے کے بعد پاؤں خشک کریں اور پھر دوسرے پاؤں کے ساتھ بھی یہی عمل کریں۔ انگلیوں کے درمیان اچھی طرح صفائی کریں اور انہیں مکمل خشک کریں تاکہ فنگل انفیکشن نہ ہو۔
- گندا پانی پھینک دیں اور برتن کو دوبارہ صاف نیم گرم پانی سے بھریں۔اگرڈاکٹر نے کوئی بیریئر کریم (Barrier cream) یا لوشن تجویز کی ہوئی ہے تو لوشن کی بوتل کو تھوڑی دیر کے لیے گرم پانی کے برتن میں رکھ دیں تاکہ وہ استعمال سے پہلے نیم گرم ہو جائے۔
- ٹانگوں کے بعد، مریض کو نرمی سے ایک کروٹ پر موڑیں یا اگر مریض خود حرکت کر سکتا ہے تو اسے کروٹ لینے میں مدد کریں تاکہ آپ کمر اور کولہوں کو دھو کر خشک کر سکیں ۔ خیال رہے کہ مریض بستر کے کنارے کے بہت قریب نہ ہو تاکہ گرنے کا ڈر نہ رہے۔ کمر کے ساتھ بستر پر تولیہ بچھائیں، کمبل ہٹائیں اور گردن، کمر، کولہوں اور رانوں کے پچھلے حصے کو صابن سے دھوئیں۔ پھر صاف پانی سے صابن ہٹا کر خشک کریں۔ یہ وقت ‘بیریئر کریم’ (Barrier cream) لگانے کے لیے بہترین ہے تاکہ بستر کے زخموں سے بچاؤ ہو سکے۔
- مخصوص اعضاء (Perineum): یہ حصہ سب سے آخر میں دھونا چاہیے۔ اس حصے کی صفائی کے وقت دستانے ضرور پہنیں۔ اس میں رانوں کے درمیان کا حصہ، پیشاب کی جگہ اور پاخانہ کی جگہ (Anus) شامل ہے۔ جسم کے اس حصے کو روزانہ دھونا چاہیے تاکہ بدبو پیدا نہ ہو اور انفیکشن سے بچا جا سکے۔ ہمیشہ آگے سے پیچھے کی طرف (Front to back) صفائی کریں تاکہ جراثیم نہ پھیلیں۔
- اگر ضرورت ہو تو تھوڑے سے پانی یا ڈرائی شیمپو سے بال دھوئیں اور ان میں کنگھی کریں۔

چوتھا مرحلہ: غسل کے بعد کے امور
غسل کے بعداگر کہیں سے مریض کا جسم گیلا رہ گیا ہے تو اسے احتیاط سے خشک کریں۔ رگڑنے کے بجائے تولیے سے تھپتھپا کر نمی جذب کریں۔ اگر ڈاکٹر نے کوئی لوشن یا پاؤڈر تجویز کیا ہے تو وہ لگائیں۔ مریض کو صاف ستھرے کپڑے پہنائیں اور یقینی بنائیں کہ وہ موسم کی مناسبت سے اور آرام دہ ہیں۔ مریض کے بالوں میں کنگھی کریں اور اس کی پسندیدہ خوشبو (پرفیوم یا ڈیوڈرینٹ) لگائیں۔ استعمال شدہ پانی ضائع کر دیں ، سامان کو صاف کریں اور اپنے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔
ضروری نوٹ: بیڈ باتھ کے پورے عمل کے دوران مریض کی جلد کا معائنہ کرتے رہیں کہ کہیں سرخی، دانے، زخم یا کوئی غیر معمولی تبدیلی تو نہیں ہے۔ اگر کوئی تشویشناک بات نظر آئے تو اسے نوٹ کریں اور فوری طور پر اپنے معالج یا طبی ٹیم کو اس سے آگاہ کریں۔
یاد رکھیں: بیڈ باتھ میں عام طور پر 20 سے 30 منٹ لگتے ہیں۔ یہ ہفتے میں کم از کم دو بار دیا جانا چاہیے، لیکن چہرہ، ہاتھ اور مخصوص اعضاء کی روزانہ صفائی ضروری ہے۔
دیکھ بھال کے خاص مشورے
- مریض کو کبھی اکیلا نہ چھوڑیں۔
- جلد کو زور سے رگڑنے سے گریز کریں۔
- دورانِ غسل مریض سے مسلسل پُر سکون انداز میں بات کرتے رہیں۔
- مریض سے پوچھتے رہیں کہ کہیں اسے تھکن، سردی یا چکر تو نہیں آ رہے۔
عام غلطیاں جن سے بچنا ضروری ہے
- پانی کا بہت زیادہ گرم یا ٹھنڈا ہونا۔
- کام ختم کرنے کے لیے جلد بازی کرنا۔
- بستر کی چادروں کا گیلا ہونا۔
- جلد کی تہوں اور پیروں کی انگلیوں کو خشک نہ کرنا (اس سے فنگس لگ سکتی ہے)۔
اکثر پوچھے جانے والے سوالات
زیادہ تر مریضوں کو ہفتے میں 2 سے 3 بار مکمل بیڈ باتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن چہرہ، ہاتھ، بغلیں اور مخصوص اعضاء (Perineal area) روزانہ صاف کرنے چاہئیں تاکہ صفائی برقرار رہے اور انفیکشن سے بچا جا سکے۔
نیم گرم پانی استعمال کریں جس کا درجہ حرارت عام طور پر 105 سے 115 ڈگری فارن ہائیٹ (43.3 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ) کے درمیان ہو۔ اگر آپ کے پاس تھرمامیٹر نہیں ہے، تو پانی کو اپنی کہنی (Elbow) سے چیک کریں، یہ آپ کو آرام دہ محسوس ہونا چاہیے۔
ایک مکمل بیڈ باتھ میں عموماً 20 سے 30 منٹ لگتے ہیں، جس کا انحصار مریض کی حالت اور نگہداشت کرنے والے کی رفتار پر ہے۔ کبھی بھی جلد بازی نہ کریں؛ رفتار سے زیادہ مریض کا سکون اور حفاظت اہم ہے۔
جی ہاں، جہاں پانی دستیاب نہ ہو یا ہنگامی صورتحال میں پہلے سے گیلے وائپس (Pre-moistened wipes) استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم، مکمل صفائی اور جلد کی بہتر دیکھ بھال کے لیے نیم گرم پانی اور دھونے کے کپڑے (Washcloths) کو ترجیح دی جاتی ہے۔
مریض کو کمبل یا چادر سے ڈھانپ کر رکھیں اور صرف وہی حصہ کھولیں جسے آپ دھو رہے ہوں۔ ہر قدم کے بارے میں مریض کو بتائیں، نرمی سے حرکت کریں، مکمل رازداری (دروازے یا پردے بند کر کے) فراہم کریں، اور جہاں ممکن ہو مریض کو خود بھی حصہ لینے کا موقع دیں۔
حوالہ جات:
اس مضمون کی تیاری میں درج ذیل ویب سائٹس سے مدد لی گئی ہے:
البرٹا (Alberta): مریض کوبستر پر غسل کیسے دیں
سکریبڈ (Scribd): بیڈ باتھ کا طریقہ: اقسام اور مراحل
سینٹرل ٹیکساس ایجنگ، ڈس ایبلٹی اینڈ ویٹرنز ریسورس سینٹر (ADRC): تیماردار کی تربیت: نہلانے کا صحیح طریقہ
ضروری وضاحت (Disclaimer): اس مضمون میں فراہم کردہ معلومات صرف تعلیمی اور آگاہی کے مقاصد کے لیے ہیں۔ کسی بھی طبی کیفیت یا بیماری کے سلسلے میں ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا کسی مستند ماہرِ صحت سے مشورہ ضرور کریں۔
