ذیابیطس (Diabetes) کے مریضوں کی دیکھ بھال میں سب سے زیادہ خوفناک اور اچانک پیدا ہونے والی ایمرجنسی شوگر کا خطرناک حد تک کم ہونا (Hypoglycemia) ہے۔ عام طور پر جب خون میں شوگر کی سطح 70 mg/dL سے نیچے چلی جائے تو دماغ اور جسم کو فوری توانائی ملنا بند ہو جاتی ہے۔ اگر اسے بروقت نہ روکا جائے تو یہ کیفیت منٹوں میں مریض کی بے ہوشی، جسم میں جھٹکے لگنے (Seizures) یا کوما کا باعث بن سکتی ہے۔ گھر پر موجود تیماردار کی بروقت پہچان اور فوری عمل ہی مریض کو کوما یا دماغی نقصان سے بچا سکتا ہے۔
اس گائیڈ میں ہم بلڈ شوگر کے کم ہونے کی وجوہات، اس کی خاموش علامات، اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ "15-15 رول” (15-15 Rule) کی مدد سے فوری گھریلو طبی امداد کا طریقہ بتائیں گے۔
💡 ہائی بلڈ شوگر (شوگر کا بڑھنا) جسم کو آہستہ آہستہ نقصان پہنچاتی ہے، لیکن شوگر کا خطرناک حد تک کم ہونا (Hypoglycemia) منٹوں میں مریض کی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
شوگر اچانک کم کیوں ہوتی ہے؟ (وجوہات)
مریض کے جسم میں شوگر کی سطح اچانک گرنے کے پیچھے عام طور پر درج ذیل وجوہات ہوتی ہیں:
- انسولین یا دوا کی زیادہ خوراک: غلطی سے انسولین کا زیادہ یونٹ لگ جانا یا شوگر کی گولی ڈبل کھا لینا۔
- کھانا چھوڑنا یا تاخیر: انسولین لگانے کے بعد وقت پر کھانا نہ کھانا یا بہت کم کھانا۔
- غیر معمولی جسمانی مشقت: معمول سے زیادہ چلنا پھرنا یا مشقت کرنا۔
- گردوں یا جگر کی کمزوری: جس کی وجہ سے شوگر کی دوائیں جسم سے دیر سے خارج ہوتی ہیں اور شوگر بار بار گرتی ہے۔
شوگر کم ہونے کی علامات
(Symptoms of Low Blood Sugar)
شوگر کی کمی کی علامات ہلکی سے شروع ہو کر شدید ترین صورت اختیار کر سکتی ہیں:
⚠️ ابتدائی علامات
(Mild to Moderate Symptoms)
- جسم میں اچانک کپکپاہٹ (Trembling) یا کمزوری
- ٹھنڈے پسینے آنا اور چہرہ پیلا پڑ جانا
- دل کی دھڑکن کا اچانک تیز ہونا (Palpitations)
- شدید اور اچانک بھوک کا احساس
- سر چکرانا اور چڑچڑاپن یا بے چینی
🚨 شدید اور خطرناک علامات
(Severe Emergency Symptoms)
- بولنے میں لڑکھڑاہٹ یا بے ربط گفتگو
- دیکھنے میں دھندلاپن (Blurred Vision)
- شدید الجھن (Confusion) یا عجیب و غریب رویہ
- بے ہوشی (Unconsciousness) یا جسم میں جھٹکے لگنا (Seizures)
💡 مختلف مریضوں میں شوگر لیول کم ہونے کی علامات مختلف ہو سکتی ہیں۔ مریض اور تیماردار کو چاہیے کہ وہ یہ علامات وقت کے ساتھ ساتھ نوٹ کر لیں۔ اگر ممکن ہو تو مریض کے آس پاس رہنے والوں کو ان علامات سے آگاہ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مریض کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔
تیماردار کا کردار: عالمی "15-15 کا اصول”
(The 15-15 Rule)
اگر مریض ہوش میں ہے اور علامات ظاہر ہو رہی ہوں، تو فوراً شوگر ٹیسٹ کریں (اگر ممکن ہو) اور فوراً امریکن ذیابیطس ایسوسی ایشن (ADA) کے تجویز کردہ ’15-15 قانون’ پر عمل کریں:
مرحلہ 1: 15 گرام فوری شوگر دیں
اگر مریض کی شوگر خطرناک حد تک کم (70 mg/dL سے کم )ہو جائے تو مریض کو فوراً درج ذیل چیزوں میں سے کوئی ایک چیز دیں تاکہ وہ خون میں تیزی سے شامل ہو:
- شربت یا جوس: آدھا گلاس میٹھا شربت یا پھلوں کا رس۔
- چینی: 3 سے 4 چمچ چینی یا گلوکوز پاؤڈر (پانی میں ملا کر)۔
- شہد: ایک کھانے کا چمچ شہد۔
- کینڈی: 3 سے 4 عام ٹافیاں۔
⚠️ (ضروری نوٹ: چاکلیٹ، دودھ یا مکھن دینے سے گریز کریں کیونکہ ان میں موجود چکنائی شوگر کے جذب ہونے کے عمل کو سست کر دیتی ہے)۔
مرحلہ 2: 15 منٹ انتظار کریں
چینی یا شربت دینے کے بعد ٹھیک 15 منٹ انتظار کریں اور مریض کی شوگر دوبارہ چیک کریں۔
مرحلہ 3: عمل دہرائیں یا کھانا کھلائیں
- اگر شوگر اب بھی 70 mg/dL سے کم ہے، تو دوبارہ 15 گرام میٹھا دیں اور مزید 15 منٹ بعد چیک کریں۔
- اگر شوگر 70 mg/dL سے اوپر آ گئی ہے اور مریض بہتر محسوس کر رہا ہے، تو اسے فوری طور پر روٹی، بسکٹ یا باقاعدہ کھانا کھلائیں تاکہ شوگر دوبارہ نہ گرے۔
🚨 یاد رکھیں: بلڈ شوگر کی اصل سطح معلوم کرنے کا واحد حل گلوکومیٹر سے شوگر ٹیسٹ کرنا ہی ہے۔ لیکن اگر مریض میں خطرناک حد تک شوگر کی کمی کی علامات موجود ہوں تو پہلے ان علامات کا علاج کریں اور پھر پہلی فرصت میں شوگر چیک کریں۔
اگر مریض بے ہوش ہو تو کیا کریں؟
کبھی بھی زبردستی کچھ نہ کھلائیں
اگر مریض بے ہوش ہو چکا ہے یا نیم بے ہوشی میں ہے، تو اس کے منہ میں زبردستی پانی، جوس یا شربت ڈالنے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ اس سے مائع سانس کی نالی میں جا کر دم گھٹنے (Choking/Aspiration) کا سبب بن سکتا ہے۔
🚨 ایمرجنسی اقدامات
- ریکوری پوزیشن: مریض کو فوراً ایک طرف کروٹ (Recovery Position) دلا دیں تاکہ الٹی یا تھوک کی وجہ سے سانس کی نالی بند نہ ہو۔
- مخصوص ہنگامی دوا: اگر ڈاکٹر نے مریض کی ایسی شدید ایمرجنسی کے لیے پہلے سے کوئی مخصوص انجکشن (جیسے گلوکاگون) یا تدبیر بتائی ہو، تو فوراً اس پر عمل کریں۔
- ہسپتال منتقلی: بغیر کسی تاخیر کے ایمبولینس بلائیں یا مریض کو فوری قریبی ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کریں۔
تیمارداروں کے لیے مشورے
(Caregiver Tips)
- ایمرجنسی شوگر کٹ پاس رکھیں: مریض کے سرہانے یا بیڈ کے پاس ہمیشہ گلوکوز پاؤڈر، ٹافیاں یا جوس کا ایک پیکٹ لازمی رکھیں تاکہ ہنگامی وقت میں ڈھونڈنا نہ پڑے۔
- رات کے وقت نگرانی: رات کے وقت خون میں شوگر کی سطح اچانک گر سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ایمرجنسی میں کام آنے والی میٹھی چیزیں مریض کے بستر کے پاس رکھی ہوں۔ اکثر مریضوں کو سوتے ہوئے شوگر کم ہونے (Nocturnal Hypoglycemia) کا احساس نہیں ہوتا اور ان کی آنکھ نہیں کھلتی ۔ ایسی حالت میں شوگر کی سطح مزید نیچے گر کر خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔ چنانچہ اگر مریض رات کو سوتے میں پسینے میں نہا جائے، صبح بیدار ہونے پر شدید سر درد یا غیر معمولی تھکن اور کمزوری محسوس کرے، تو قوی امکان ہے کہ رات کے دوران اس کی شوگر خطرناک حد تک کم ہوئی تھی۔
- اگر آپ کو ایسا کوئی بھی شبہ ہو تو سونے سے پہلے اور رات کے درمیانی پہر (تقریباً رات 3 بجے) مریض کی شوگر چیک کرنے کو معمول بنائیں۔ اگر ٹیسٹ سے رات کو شوگر گرنے کی تصدیق ہو جائے، تو ڈاکٹر سے رابطہ کر کے رات کی انسولین یا ادویات کی خوراک ایڈجسٹ کروائیں۔
- شوگر لاگ بک (Log Book): روزانہ کی شوگر ریڈنگز کو نوٹ کریں تاکہ ڈاکٹر دوا یا انسولین کی مقدار کو ایڈجسٹ کر سکے۔
⚠️ اہم ترین بات: چونکہ جسم شوگر کم ہونے پر ہنگامی ردِعمل کے تحت خود شوگر بڑھاتا ہے، اس لیے صبح اٹھنے پر شوگر کی سطح توقع کے برعکس زیادہ (High) بھی آ سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں تیماردار کا چوکنا رہنا بے حد ضروری ہے تاکہ وہ صبح کی ہائی شوگر دیکھ کر دھوکا نہ کھائے اور رات کے وقت مریض کی نگرانی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے۔
یہ بھی پڑھیے
مریض کے لیے ڈاکٹر: ماہرِ نفسیات یا نیورولوجسٹ؟ اپنے مریض کے لیے درست ڈاکٹر کا انتخاب کیسے کریں؟
مریض کی صفائی: گھر پر انفیکشن کنٹرول: ہاتھ دھونے اور صفائی کے بنیادی اصول
تیماردار کی تھکن: تیماردار کا احساسِ جرم اور اس سے نجات کا طریقہ
ضروری طبی انتباہ: یہ مضمون کیئر بائنڈر کے معیاری نگہداشت پروٹوکولز، مصدقہ طبی ذرائع اور کلینیکل مشاہدات کی روشنی میں محض تعلیمی آگاہی اور گھریلو نگہداشت میں رہنمائی کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ یہ معلومات کسی معالج کے باقاعدہ طبی مشورے، تشخیص یا علاج کا نعم البدل نہیں۔ شوگر بار بار کم ہونے کی صورت میں اپنے معالج (Diabetologist) سے فوری رجوع کر کے انسولین یا دوا کی خوراک درست کروائیں۔
طبی نگارش و تدوین: ڈاکٹر آصف اعوان (ہومیوپیتھک فزیشن و سرٹیفائیڈ کیئرگیور)



