مستقل طور پر بستر پر موجود بزرگ، فالج یا سرجری کے مریض کے کمرے کی حفظانِ صحت اور جلد کو انفیکشن سے بچانے کے لیے روزانہ چادر بدلنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ تاہم، اکثر تیمارداروں کے لیے بستر پر لیٹے ہوئے مریض کو اٹھائے یا نیچے اتارے بغیر بیڈ شیٹ بدلنا ایک پریشان کن اور مشکل کام بن جاتا ہے۔ غلط طریقہ اختیار کرنے سے مریض کو جسمانی تکلیف، زخموں (Bedsores) میں درد، یا تیماردار کی اپنی کمر میں چوٹ لگنے کا خطرہ رہتا ہے۔
بطور تیماردار، ہم آپ کی اس جسمانی اور ذہنی تھکن کو سمجھتے ہیں۔ اس گائیڈ کا مقصد آپ کو نرسنگ کی وہ مستند اور محفوظ رولنگ تکنیک (Rolling Technique) سکھانا ہے جس کی مدد سے آپ اکیلے یا کسی ایک مددگار کے ساتھ مریض کو بغیر زحمت دیے منٹوں میں صاف چادر بچھا سکتے ہیں۔
چادر بدلنے سے پہلے کی ضروری تیاریاں
(Pre-Bed Making Steps)
تمام سامان پہلے سے جمع کریں
مریض کی چادر بدلنے کا عمل شروع کرنے سے پہلے درج ذیل چیزیں اپنے پاس رکھ لیں تاکہ شیٹ تبدیل کرنے کا عمل جلدی اور آسانی سے مکمل ہو سکے اور بار بار اٹھنا نہ پڑے:
- ایک صاف اور دھلی ہوئی بیڈ شیٹ تکیوں کے غلاف سمیت (ترجیحاً بڑے سائز کی)۔
- اگر مریض کو پیشاب کا مسئلہ ہو تو واٹر پروف میکنٹوش شیٹ (Mackintosh Sheet) یا ڈسپوزایبل پیڈ۔
- گندے کپڑوں اور چادر کے لیے ایک الگ بالٹی یا ڈسٹ بن (گندی چادر کو کبھی فرش پر نہ رکھیں)۔
- ڈسپوزایبل حفاظتی دستانے (Gloves)۔
کمرے کا ماحول اور مریض کا جائزہ
اس کے بعد کمرے کا دروازہ بند کر دیں اور پردے گرا دیں تاکہ پورے عمل کے دوران مریض کی رازداری اور عزتِ نفس برقرار رہے۔ چاہے مریض آپ کی بات سنتا یا سمجھتا ہوا محسوس نہ ہو، پھر بھی اسے بتائیں کہ آپ اس کی بیڈ شیٹ تبدیل کرنے لگے ہیں۔ اس کے بعد بستر پر پڑی اشیاء، مثلاً چشمہ، سماعت کی مشین (Hearing Aid)، مصنوعی دانت (Dentures) یا زیورات وغیرہ ہٹا دیں۔ کھڑکیاں اور پنکھا اس طرح رکھیں کہ مریض کو سیدھی ٹھنڈی ہوا نہ لگے۔ اگر مریض کو ڈرپ، کیتھیٹر (Urinary Catheter)، یا نالی لگی ہوئی ہے، تو اس کی تاروں اور ٹیوبز کا جائزہ لیں کہ وہ کہیں کھنچ نہ جائیں۔
بستر پر چادر بدلنے کی مرحلہ وار گائیڈ
(Step-by-Step Rolling Technique)
یہ تکنیک دنیا بھر میں نرسنگ اور ہوم کیئر میں استعمال کی جاتی ہے۔ اسے "سائیڈ ٹو سائیڈ” (Side-to-Side) طریقہ بھی کہا جاتا ہے۔
مرحلہ 1 – مریض کو ایک طرف موڑنا
- سب سے پہلے دستانے پہن لیں۔ اس سے آپ کے ہاتھوں پر موجود جراثیم مریض تک منتقل نہیں ہوں گے، اور اگر بیڈ شیٹ آلودہ ہوئی بھی تو آپ اس سے محفوظ رہیں گے۔
- مریض کا اوپری کمبل یا چادر ہٹا دیں، لیکن ان کی شرمگاہ اور جسم کو کسی ہلکی چادر سے ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ان کا پردہ قائم رہے۔
- مریض کو آرام سے بستر کی ایک سمت (مثلاً دائیں جانب) کروٹ دلا دیں۔ اگر مریض خود نہیں مڑ سکتا تو اس کے شانے اور کولہے پر ہاتھ رکھ کر آہستہ سے موڑیں۔ اگر بستر پر سائیڈ ریل (Bed Rails) موجود ہیں اور مریض کی حالت اجازت دیتی ہے تو اسے ریل پکڑنے کے لیے کہیں۔ اگر بستر پر ریل موجود نہیں ہے تو آپ کا معاون مریض کو سہارا دے تاکہ وہ بستر سے نیچے نہ لڑھک جائے۔
- مریض کی پیٹھ کے پیچھے ایک تکیہ لگا دیں تاکہ وہ اس کروٹ پر قائم رہے۔
مرحلہ 2 – گندی چادر کو رول کرنا
- مریض سے مخالف سمت سے آغاز کریں اور بستر کا وہ حصہ جو خالی ہو چکا ہے، وہاں سے گندی چادر کے کونے کھولیں۔
- گندی چادر کو اندر کی طرف رول (Roll) کرتے ہوئے مریض کی پیٹھ کی طرف اتنی قریب لائیں کہ وہ ایک لمبی نالی کی شکل میں مریض کے نیچے تک چلی جائے۔
- یاد رکھیں: گندی چادر کی آلودہ سطح کو اندر کی طرف رول کریں تاکہ جراثیم نہ پھیلیں۔
مرحلہ 3 – صاف چادر کا ادھا حصہ بچھانا
- اب صاف بیڈ شیٹ لیں۔ اس کا آدھا حصہ بستر کے خالی حصے پر پھیلائیں اور کونوں کو میٹریس (گدے) کے نیچے مضبوطی سے دبا دیں۔
- صاف چادر کا باقی آدھا حصہ رول کر کے مریض کی پیٹھ کے نیچے، یعنی گندی چادر کے بالکل ساتھ عارضی طور پر لٹا دیں۔
- اگر واٹر پروف پیڈ استعمال کر رہے ہیں تو اسے بھی اسی طرح آدھا بچھا کر اور آدھا رول کر کے مریض کے نیچے رکھیں۔
مرحلہ 4 – مریض کو دوسری طرف موڑنا
- اب مریض کو پیٹھ کے نیچے موجود ان دونوں چادروں کے "رول” کے اوپر سے گزارتے ہوئے دوسری سمت (بائیں جانب) کروٹ دلا دیں۔ مریض کو بتائیں کہ وہ ایک چھوٹے سے ابھار (رول) کے اوپر سے گزریں گے۔ اس مرحلے میں اگر مشکل پیش آتی ہو تو سلائیڈ شیٹ (Slide Sheet) یا ڈرا شیٹ (Draw Sheet) کا استعمال کریں۔ یہ شیٹ عام طور پر تین تہوں میں تہہ کر کے مریض کے کولہوں کے نیچے رکھی جاتی ہے تاکہ مریض کو آسانی سے ایک طرف سے دوسری طرف منتقل کیا جا سکے۔
- مریض کو دوسری طرف کروٹ دلانے کے بعد ان کے پیچھے پھر سے تکیہ کی ٹیک لگا دیں۔
مرحلہ 5 – گندی چادر ہٹانا اور صاف چادر مکمل کرنا
- اب بستر کی دوسری طرف آئیں۔ پیٹھ کے نیچے سے گندی چادر کا رول باہر نکالیں اور اسے فوراً گندے کپڑوں والے تھیلے میں ڈال دیں۔استعمال شدہ ڈسپوزیبل پیڈ ہوں تو انہیں مناسب طریقے سے تلف کر دیں۔
- صاف چادر کے رول کو کھولیں اور بستر کے باقی حصے پر کھینچ کر سیدھا بچھائیں۔
- چادر کے تمام کونوں کو گدے کے نیچے اچھی طرح کس کر دبائیں تاکہ چادر میں کوئی شکن یا سلوٹ (Wrinkles) نہ رہے۔
مرحلہ 6۔ تکیے کا غلاف تبدیل کرنا
مریض کو پہلے بتائیں کہ آپ اس کا سر تھوڑی دیر کے لیے اٹھائیں گے تاکہ تکیے کا غلاف تبدیل کیا جا سکے۔ غلاف بدلتے وقت مریض کے سر اور گردن کو اچھی طرح سہارا دے کے رکھیں۔
چادر بدلتے وقت حفاظت اور صفائی کی اہم تدابیر
چادر میں شکنیں (Wrinkles) نہ رہنے دیں
بستر کی چادر میں موجود معمولی سی شکن بھی بستر پر مستقل لیٹے ہوئے مریض کی جلد پر دباؤ ڈال کر بیڈ سورز (Bedsores / Pressure Ulcers) کا باعث بن سکتی ہے۔ چادر کو ہمیشہ کس کر بچھائیں۔
گندی چادر کو ہوا میں نہ جھاڑیں
گندی چادر ہٹاتے وقت اسے کبھی ہوا میں نہ لہرائیں اور نہ ہی جھاڑیں۔ اس سے چادر پر موجود جراثیم، پسینے کے ذرات اور خشک جلد کے ٹکڑے کمرے کی ہوا میں پھیل جاتے ہیں۔
صفائی کے دوران ہونے والی غلطیوں سے بچاؤ
بستر اور مریض کے کمرے کی جراثیم کشی کے دوران غیر محسوس انداز میں ہونے والی غلطیوں کو جاننے کے لیے ہماری گائیڈ پڑھیں:
پڑھیے: صفائی اور جراثیم کشی کے دوران کی جانے والی عام غلطیاں
تیماردار کی اپنی کمر کی حفاظت
(Body Mechanics for Caregiver)
مریض کو بار بار اٹھانے یا جھکنے سے تیمارداروں کی کمر میں شدید درد ہو جاتا ہے۔ ان باتوں پر عمل کریں:
- بستر کی اونچائی: اگر آپ کے پاس ہسپتال والا بیڈ (Adjustable Bed) ہے تو چادر بدلتے وقت اسے اپنی کمر کی اونچائی تک اوپر کر لیں۔
- گھٹنے موڑیں: مریض کو موڑتے وقت کمر سے جھکنے کے بجائے اپنے گھٹنوں کو ہلکا سا موڑیں اور پیروں کے درمیان فاصلہ رکھیں تاکہ آپ کا توازن برقرار رہے۔
- مریض کو کھینچنے سے گریز: مریض کو چادر سے گھسیٹنے کے بجائے کروٹ دلانے کی تکنیک استعمال کریں۔
تیمارداروں کے لیے اہم مشورہ
(Caregiver Tip)
اگر مریض کا وزن زیادہ ہے تو کبھی بھی اکیلے زبردستی زور نہ لگائیں۔ گھر کے کسی دوسرے فرد کی مدد لیں تاکہ ایک شخص مریض کو کروٹ پر سنبھالے اور دوسرا چادر بدل سکے۔ پہلی بار جب آپ کسی ایسے مریض کی بیڈ شیٹ تبدیل کریں گے جو بستر پر موجود ہو، تو یہ کام کچھ مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔ لیکن تھوڑی سی مشق کے بعد یہی عمل کافی آسان لگنے لگتا ہے۔ مریض کے بستر کی چادرباقاعدگی سے تبدیل کرنا صفائی برقرار رکھنے، انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے اور مریض کو زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
متعلقہ مضامین
مریض کی ذاتی صفائی: گھر پر انفیکشن کنٹرول: ہاتھ دھونے اور صفائی کے بنیادی اصول
جلد کے زخم: بیڈ سورز (Bedsores) سے بچاؤ اور ان کی دیکھ بھال کی مکمل گائیڈ
تیماردار کی صحت: تیماردار کی تھکن (کیئر گیور برن آؤٹ) اور اس سے نمٹنے کے طریقے
حوالہ جات
- نیشنل لائبریری آف میڈیسن (NIH): مریض کی حفظان صحت، بستر اور بستر کی چادروں کی دیکھ بھال کے دوران ذاتی حفاظتی تدابیر
- شیلٹرنگ آرمز انسٹیوٹ (SAI): مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت اپنے جسمانی توازن اور درست باڈی مکینکس کی گائیڈ
ضروری نوٹ: اس مضمون کا مقصد عام تعلیمی آگاہی اور ہوم کیئر کے بہتر طریقے سکھانا ہے۔ اگر مریض کی کوئی سرجری ہوئی ہے یا ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے تو کروٹ دلانے سے پہلے معالج سے مخصوص ہدایات ضرور حاصل کریں۔



