سرجری یا آپریشن کا مرحلہ مکمل ہوا اور ڈاکٹر نے مریض کو گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ ہسپتال سے ڈسچارج کا یہ دن آپ اور دیگر خاندان کے لیے ایک بڑی خوشی کا دن ہے۔ مریض گھر جانے کو بالکل تیار ہے۔ لیکن ٹھہریے؛ بطور تیماردار (Caregiver) آج سے آپ کے امتحان کا ایک نیا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔ ہسپتال کے محفوظ ماحول سے گھر کے ماحول میں منتقل ہونا جتنا پرجوش ہے، اتنا ہی حساس بھی ہے۔
اس مرحلے کی ابتداء ہسپتال سے ڈسچارج سرٹیفکیٹ لینے سے شروع ہوتی ہے اور اختتام مریض کی بحفاظت گھر منتقلی کے بعد اس کی مکمل شفایابی پر ہوتا ہے۔ اس سفر میں بہت سی مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لیکن آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، ہم تیمارداری کے اس عظیم سفر میں قدم بہ قدم آپ کے ساتھ ہیں۔ تو چلیے ہسپتال چلتے ہیں جہاں آپ کے مریض کا ہسپتال سے ڈسچاج کا دن ہے اور آپ کے نئے سفر کی ابتداء ہے۔
اکثر تیماردار ہسپتال سے فارغ ہوتے وقت بلنگ (Billing) اور فارمیسی کی بھاگ دوڑ میں کچھ اہم طبی کاغذات لینا یا ڈاکٹر سے ضروری سوالات پوچھنا بھول جاتے ہیں، جس کا خمیازہ بعد میں گھر پر مریض کی تکلیف کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔ چاہے آپریشن اپینڈکس (Appendix) کا ہو یا ہارٹ بائی پاس (Bypass Surgery) کا، ہماری یہ گائیڈ آپ کو وہ تمام لازمی چیزیں بتائے گی جو ہسپتال چھوڑنے سے پہلے آپ کے پاس ہونی چاہئیں۔
ضروری نوٹ (Disclaimer): یہ معلومات صرف عام آگاہی اور تیمارداروں کی رہنمائی کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ اگرچہ یہ بنیادی فائلیں اور ہدایات ہر سرجری کے لیے یکساں ہیں، لیکن بائی پاس یا بڑی سرجریوں کی صورت میں ڈاکٹر آپ کو کچھ اضافی چیزیں (جیسے پلس آکسی میٹر، شوگر چیک کرنے والی مشین، یا سانس کی ورزش کے لیے سپائرومیٹر) استعمال کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔ اپنے سرجن یا نرسنگ اسٹاف کی دی گئی مخصوص ہدایات کو ہمیشہ اولیت دیں۔
1۔ لازمی طبی فائلیں اور دستاویزات (Essential Medical Documents)
ہسپتال کا گیٹ چھوڑنے سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کی میڈیکل فائل میں درج ذیل کاغذات موجود ہیں:
ڈسچارج سمری (Discharge Summary):
عام طور پر اسے ڈسچارج سرٹیفکیٹ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ وہ سب سے اہم دستاویز ہے جس میں مریض کی بیماری، آپریشن کی تفصیل، ہسپتال میں دی گئی ادویات اور گھر کے لیے پرہیز لکھا ہوتا ہے۔ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال یا دوسرے ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے یہ پیپر سب سے زیادہ ضروری ہے۔
آپریشن تھیٹر کی رپورٹ (Operation Theatre/OT Notes):
سرجن نے آپریشن کے اندر کیا کیا، کون سے ٹانکے یا آلات استعمال کیے، اس کی مکمل تفصیل اس رپورٹ میں ہوتی ہے۔ اس رپورٹ کے اجراء کا انحصار ہسپتال کی پالیسی پر ہوتا ہے۔ بعض اچھے ہسپتال یہ رپورٹ جاری کرتے ہیں جبکہ کچھ کے لیے یہ ان کے اپنے ہسپتال ریکارڈ کا حصہ ہوتی ہے۔
لیب اور ایکسرے رپورٹس (Lab & Radiology Reports):
ہسپتال میں داخلے کے پہلے دن سے ڈسچارج والے دن تک جتنے بھی خون کے ٹیسٹ، ایکسرے، سی ٹی اسکین یا الٹراساؤنڈ ہوئے ہوں، ان کی اصل رپورٹس یا سی ڈی (CD) لازمی حاصل کریں۔
بایوپسی رپورٹ کی پرچی (Biopsy Slip):
اگر سرجری کے دوران جسم سے کوئی حصہ (Tissue) جیسے رسولی یا پتھری وغیرہ ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا ہے، تو اس کی رسید اور رپورٹ آنے کی تاریخ ڈاکٹر سے لازمی کنفرم کریں۔ یہ ہمارے کچھ ہسپتالوں کی بڑی حقیقت ہے کہ بعض اوقات ڈاکٹرجسم سے نکالے گئے حصے یا مواد کا نمونہ (Biopsy Specimen) تیماردار کے حوالے کر دیتے ہیں کہ اس کو کسی بھی لیبارٹری سے ٹیسٹ کروا لیں۔ اس صورت میں آپ نے اس ٹیسٹ سے متعلق ڈاکٹر سے لیبارٹری کے لیے ہدایات لازمی لکھوانی ہیں ورنہ لیبارٹری پہنچ کر پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اہم نکتہ: اگر ڈاکٹر آپ کو بائیوپسی کا نمونہ (Sample) دیں، تو اسے جلد از جلد لیبارٹری پہنچائیں اور راستے میں اسے دھوپ یا شدید گرمی سے بچائیں تاکہ نمونہ خراب نہ ہو۔
2۔ ادویات کے شیڈول کو اچھی طرح سمجھیں (Medication Schedule)
گھر جانے سے پہلے ہسپتال کے ڈاکٹر یا فارماسسٹ کے ساتھ بیٹھ کر دوائیوں کا چارٹ سمجھیں۔ اگر کوئی بات سمجھ نہیں آ رہی تو بار بار پوچھیں کیونکہ سرجری کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ادویات کا صحیح استعمال اور انتظام انتہائی ضروری ہے۔
نئی بمقابلہ پرانی ادویات: ڈاکٹر سے پوچھیں کہ سرجری سے پہلے مریض جو بلڈ پریشر، شوگر یا دیگر دوائیاں لے رہا تھا، کیا وہ اب بھی جاری رکھنی ہیں یا ان میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے؟
اینٹی بائیوٹکس کا کورس (Antibiotics): انفیکشن سے بچاؤ کی ادویات کتنے دن اور کس وقت دینی ہیں، یہ بالکل واضح ہونا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ اینٹی بائیوٹکس کا کورس بیچ میں کبھی نہ چھوڑیں۔
درد کا انتظام (Pain Management): درد کی گولی روزانہ باقاعدگی سے دینی ہے یا صرف درد ہونے کی صورت میں؟ یہ لازمی پوچھیں۔
خون پتلا کرنے والی ادویات (Blood Thinners): بڑی سرجریز (جیسے بائی پاس یا ہپ ریپلیسمنٹ) کے بعد خون پتلا کرنے کے انجکشن یا گولیاں دی جاتی ہیں۔ ان کا وقت اور مقدار انتہائی حساس ہوتی ہے، اسے اچھی طرح سمجھ لیں۔
3۔ زخم کی دیکھ بھال کی ہدایات (Wound Care Instructions)
گھر پر زخم کو انفیکشن سے بچانا سب سے بڑا چیلنج ہوتا ہے، اس لیے نرس سے یہ سوالات لازمی کریں:
پٹی کب بدلنی ہے؟ کیا پٹی روزانہ بدلے گی، یا اسے چند دن ایسے ہی چھوڑنا ہے؟ کیا پٹی بدلنے کے لیے گھر پر کوئی مخصوص محلول (Pyodine/Saline) استعمال کرنا ہے؟
نہانے کی اجازت کب ہے؟ کیا مریض زخم والی جگہ کو گیلے کپڑے سے صاف کر سکتا ہے یا پٹی پر پلاسٹک چڑھا کر نہا سکتا ہے؟ زخم کو پانی سے کب تک بچانا ہے؟
ڈرین بیگز (Drain Bags): اگر مریض کے جسم کے ساتھ خون یا پانی نکالنے والی نلکی اور تھیلی لگی ہے، تو اسے گھر پر کیسے خالی کرنا ہے اور اس میں آنے والے پانی کی مقدار کو کیسے نوٹ کرنا ہے، یہ نرس سے لائیو سیکھیں۔
ہماری گائیڈ "آپریشن کے بعد زخم کی دیکھ بھال کیسے کریں؟” میں وہ تمام عملی تدابیرموجود ہیں جن پر عمل کرکے آپ مریض کے زخم کا خیال اور اسے انفیکشن سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
4۔ مریض کی نقل و حرکت اور آرام (Mobility & Rest)
آج ہی یعنی ہسپتال سے ڈسچارج کے دن ہی ڈاکٹر سے پوچھ لیں کہ چلنا پھرنا کب سے شروع کرنا ہے اور بستر سے اٹھنے اور چلنے پھرنے کی حدود کا تعین کروائیں:
وزن ڈالنے کی حد (Weight-bearing status): ہڈیوں کے آپریشن کی صورت میں ڈاکٹر سے پوچھیں کہ متاثرہ ٹانگ پر کتنے فیصد وزن ڈالا جا سکتا ہے۔
اٹھنے بیٹھنے کا محفوظ طریقہ: پیٹ یا دل کے آپریشن کے مریضوں کے لیے بستر سے کروٹ لے کر اٹھنے کا درست طریقہ کیا ہے؟
کون سے کام منع ہیں؟ سیڑھیاں چڑھنا، جھکنا، یا وزن اٹھانا کتنے ہفتوں تک سخت منع ہے؟
اس سلسلے میں مزید جاننے کے لیے ہمارے تفصیلی مضمون "سرجری کے بعد مریض کی نقل و حرکت: تیماردار کا اہم کردار” مطالعہ ضرور کریں۔
5۔ غذا اور ہاضمے کا پلان (Dietary Guidelines)
سرجری کے بعد زخم کو ٹھیک ہونے اور انفیکشن سے بچنے کے لیے جسم کو طاقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ طاقت اچھی اور متوازن غذا سے ہی ملتی ہے، لیکن مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ بعض اوقات مریض کا ہاضمہ کمزور ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر سے یہ ضرور پوچھیں کہ:
کون سی غذا دینی ہے؟ کیا مریض کو نرم غذا (دلیہ، کھچڑی، سوپ) دینی ہے یا وہ عام گھر کا کھانا کھا سکتے ہیں؟
قبض سے بچاؤ: آپریشن کے بعد قبض ٹانکوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر سے قبض کشا سیرپ یا فائبر سپلیمنٹ کے بارے میں پہلے دن ہی لکھوا لیں۔
پانی کی مقدار: مریض کو دن میں کتنا پانی یا مائع اشیاء پلانی چاہئیں؟
6۔ اگلا معائنہ اور ٹانکے کھلنے کی تاریخ (Follow-up Plan)
ہسپتال سے ڈسچارج کے وقت ہی اگلی ملاقات طے کریں:
ٹانکے کب کھلیں گے؟ اگر زخم پر ایسے ٹانکے (Stitches/Staples) ہیں جو خود نہیں گھلتے، تو انہیں کس تاریخ کو ہسپتال آ کر کھلوانا ہے؟
اگلی ملاقات (Appointment): سرجن دوبارہ کس تاریخ کو مریض کا معائنہ کریں گے؟ کیا اس سے پہلے کوئی بلڈ ٹیسٹ یا ایکسرے کروا کر لانا ہے؟
7۔ ہنگامی صورتحال کا پلان (Emergency Protocol)
آپ کے مریض کے لیے ہماری نیک تمنائیں لیکن گھر پر کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے ہسپتال سے ڈسچارج کے دن یہ معلومات ڈائری پر لکھ لیں:
رابطہ نمبر: اگر رات کے وقت گھر پر مریض کی طبیعت اچانک خراب ہو جائے، تو ہسپتال کے کس نمبر یا کس نرسنگ ڈیسک پر فون کرنا چاہیے؟
خطرناک علامات: وہ کون سی 3 یا 4 علامات ہیں (جیسے تیز بخار، شدید چکر، یا زخم سے خون بہنا) جن کے ظاہر ہوتے ہی بغیر فون کیے مریض کو سیدھا ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لے جانا چاہیے؟
حاصلِ کلام (Conclusion)
ہسپتال سے ڈسچارج کا دن دراصل ہسپتال کی ذمہ داری ختم ہونے اور تیماردار کی ذمہ داری شروع ہونے کا دن ہے۔ اگر آپ کے پاس مکمل میڈیکل فائل، ادویات کا درست چارٹ اور ڈاکٹر کی واضح ہدایات موجود ہوں، تو گھر پر مریض کی دیکھ بھال کا سفر بہت پرسکون اور محفوظ ہو جاتا ہے۔ ہسپتال چھوڑنے میں جلدی نہ کریں؛ جب تک آپ کا ہر سوال واضح نہ ہو جائے، تب تک نرس یا ڈاکٹر سے رہنمائی لیتے رہیں۔ ایک باشعور تیماردار ہی مریض کی تیز اور محفوظ صحت یابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
ڈسچارج کاؤنٹر چھوڑنے سے پہلے کی فوری چیک لسٹ:
- کیا میں نے ڈسچارج سمری لے لی ہے؟
- کیا بائیوپسی کی پرچی یا نمونہ ساتھ رکھ لیا ہے؟
- کیا نئی اور پرانی ادویات کا فرق سمجھ لیا ہے؟
- کیا ٹانکے کھلنے کی تاریخ ڈائری پر لکھ لی ہے؟
- کیا ہسپتال کا ایمرجنسی نمبر موبائل میں سیو کر لیا ہے؟

